9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو فیصلہ کن طاقت اور قانون سے بلاامتیاز نمٹا جائے گا، کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی: 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی جواز پر پُرتشدد انتشار یا 9 مئی جیسے حالات پیدا کرنے کی کسی بھی کوشش کو فیصلہ کن طاقت اور قانون کے ساتھ بلاامتیاز اور بلا جھجھک نمٹا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرأت، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔
کانفرنس کے آغاز پر مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور معصوم شہریوں کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ شرکاء نے شہداء کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔
فورم نے کہا کہ پاکستان کے لیے داخلی استحکام انتہائی اہم ہے اور ملک میں پُرتشدد انتشار یا بدامنی کی کسی بھی کوشش سے قانون کے مطابق سختی سے نمٹا جائے گا۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیوں کو پاکستان کا دفاعی حق قرار دیا گیا۔ شرکاء نے کہا کہ ہندوستان کے آلہ کار کے طور پر دہشتگردی کے سنگین نتائج کی ذمہ دار صرف اور صرف طالبان کی قیادت ہے۔
فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مسلسل کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ انسداد دہشتگردی کارروائیوں کو سراہا اور کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے زمینی کارروائیوں کے ساتھ مؤثر انتظامی اور گورننس اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔
شرکاء نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے گورننس کو بنیادی سطح پر عوام کے قریب لانا ہوگا، جبکہ دہشتگردی کی وجوہات اور اس کے عوامل کے حوالے سے عوام کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری اور بیانیے پر بھی کام کرنا ضروری ہے۔
کور کمانڈرز کانفرنس میں مخصوص عناصر کے زیر سایہ چلنے والے کرائم، دہشتگردی گٹھ جوڑ توڑنے اور پولیس کی استعدادِ کار بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
فورم نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے مابین طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا بھرپور خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دیرینہ اسٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ دفاعی تعاون کے فروغ میں اہم قرار دیا۔
شرکاء نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت اور اظہار برہمی کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور حرمین شریفین کے تحفظ و تقدس کے لیے پاکستان کے عزم کا بھرپور اعادہ کیا۔
کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کو مزید مضبوط بنانے کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے فارمیشنز پر زور دیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے حصول، تربیت اور تمام جنگی جہتوں کے انضمام کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ جاری رکھیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ مسلح افواج پاکستان کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔