اسلام آباد میں 24.5 ارب روپے کی لاگت سے 11ویں ایونیو کی تعمیر کی منظوری

اسلام آباد: کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے اسلام آباد میں 24.5 ارب روپے کی لاگت سے 11ویں ایونیو کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں تین جدید اسپورٹس ایرینا کی تعمیر کے منصوبے بھی منظور کیے گئے ہیں۔
ڈان کی رپورٹ کے مطابق سی ڈی اے ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 11ویں ایونیو کی تعمیر کے لیے 24.5 ارب روپے کا پی سی ون منظور کیا ہے۔ منصوبے کے تحت مارگلہ ایونیو سے آئی جے پی روڈ تک 7.5 کلومیٹر طویل سڑک تعمیر کی جائے گی، جس کے دونوں اطراف تین، تین لین ہوں گی۔
رپورٹ کے مطابق منصوبے میں تقریباً 17 پل اور اوور پاسز بھی شامل ہیں اور سی ڈی اے حکام نے اسے ایک سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔
11ویں ایونیو آئی جے پی روڈ سے شروع ہو کر آئی-10 اور آئی-11، جی-10، جی-11، ایف-10 اور ایف-11 کے درمیان سے گزرتے ہوئے ای-11 انٹرچینج تک جائے گا۔ ای-11 سے ڈی-12 تک سڑک کا ایک حصہ پہلے ہی تعمیر ہو چکا ہے جسے ایران ایونیو کہا جاتا ہے۔
11ویں ایونیو کا سنگ بنیاد وزیراعظم شہباز شریف نے جون 2023 میں رکھا تھا، تاہم اس کے بعد منصوبے پر عملی کام شروع نہیں ہو سکا تھا۔
دوسری جانب سی ڈی اے ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے ایف-8، ڈی-12 اور جی-11 میں تین اسپورٹس ایرینا کی تعمیر کے منصوبوں کی بھی منظوری دی ہے، جن کی مجموعی لاگت تقریباً ایک ارب روپے ہے۔
ایف-8 مرکز میں اسپورٹس ایرینا کے لیے 307 ملین روپے، ڈی-12/1 کے لیے 327 ملین روپے جبکہ جی-11/3 میں اسپورٹس ایرینا کے لیے 317 ملین روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ان مراکز میں سوئمنگ پولز، انڈور جم، فٹسال کورٹس، کرکٹ کیجز، پیڈل کورٹس، باسکٹ بال کورٹس اور ملٹی اسپورٹس ہالز سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ڈان کے مطابق سی ڈی اے حکام نے 10ویں ایونیو کے رکے ہوئے منصوبے کو بھی مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ 10ویں ایونیو منصوبے کی مجموعی لاگت 10.2 ارب روپے ہے، تاہم اب تک تقریباً 4 ارب روپے جاری کیے گئے ہیں اور منصوبہ تقریباً 50 فیصد کام مکمل ہونے کے بعد گزشتہ سال روک دیا گیا تھا۔
سی ڈی اے حکام کے مطابق آئی جے پی روڈ سے ایچ-9 تک 10ویں ایونیو کے لیے ارتھ ورک مکمل ہو چکا ہے اور مزید فنڈز دستیاب ہونے کی صورت میں اس حصے کو اسفالٹ، اوور پاسز اور پلوں کے ذریعے مکمل کرکے ٹریفک کے لیے کھولا جا سکتا ہے۔