بیج اور سپلائی چین میں نجی سرمایہ کاری سے زرعی پیداوار و برآمدات بڑھائی جا سکتی ہیں، شاہد عمران

لاہور، 27 ستمبر: فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ بیجوں اور زرعی سپلائی چین میں نجی سرمایہ کاری سے پیداوار، برآمدات اور دیہی معیشت کو نمایاں فروغ دیا جا سکتا ہے۔ اتوار کو یہاں فوڈ سکیورٹی کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرعی پالیسی میں تبدیلی لاتے ہوئے فصلوں میں تنوع، جدت اور نجی شعبے کی شمولیت کو فروغ دینا ہوگا، خصوصاً خوردنی تیل کے بیجوں اور دالوں کی پیداوار بڑھانا ضروری ہے تاکہ درآمدی انحصار کم کیا جا سکے۔ شاہد عمران نے کہا کہ پاکستان کے پاس وسیع قابلِ کاشت رقبہ، متنوع موسم اور بڑی افرادی قوت موجود ہے، اس لیے بہتر پالیسی اور پیداوار میں اضافے کے ذریعے غذائی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ برآمدی مسابقت بھی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، آبادی میں تیز رفتار اضافہ اور عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ غذائی تحفظ کیلئے خطرات بڑھا رہے ہیں، جبکہ بڑھتی غذائی درآمدات زرمبادلہ کے محدود ذخائر پر اضافی دباؤ ڈال رہی ہیں۔ انہوں نے تمام فصلوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے فوری طور پر زرعی پالیسی ازسرنو مرتب کرنے پر زور دیا۔