مرکزی مواد پر جائیں
⛅ اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
قومی

ذکریا اکبر ضیاء نے بطور صدر اسلام آباد چیمبر حلف اٹھا لیا

اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کی نومنتخب قیادت نے 42ویں سالانہ اجلاسِ عام کے دوران اپنے عہدوں کا حلف اٹھا کر باضابطہ طور پر ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

محمد ذکریا اکبر ضیاء نے صدر، محمد اشفاق حسین چٹھہ نے سینئر نائب صدر جبکہ محمد وقاص خان نے نائب صدر کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ چیئرمین آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ شیخ طارق صادق نے نومنتخب عہدیداران سے حلف لیا، جبکہ سابق صدر آئی سی سی آئی محمد اعجاز عباسی نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔

اجلاس میں آئی سی سی آئی کے بڑی تعداد میں اراکین نے شرکت کی۔ نومنتخب صدر ذکریا اکبر ضیاء نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کی مؤثر نمائندگی اور اس کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات ان کی اولین ترجیح ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی متعلقہ سرکاری اداروں کے ساتھ مؤثر رابطے کے ذریعے سرمایہ کاری، تجارت اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرے گا، تاکہ اسلام آباد سمیت ملک میں پائیدار معاشی ترقی کو تقویت دی جا سکے۔

ذکریا اکبر ضیاء نے فاؤنڈر گروپ اور چیمبر کے اراکین کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ کاروباری برادری کی توقعات پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے سبکدوش قیادت کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئی ٹیم سابق قیادت کے مثبت اقدامات کو آگے بڑھانے کے ساتھ ساتھ چیمبر کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نئی ترجیحات پر بھی کام کرے گی۔

سینئر نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ اور نائب صدر محمد وقاص خان نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ صدر اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کے ساتھ مل کر کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ اور فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں کریں گے۔

سبکدوش صدر سردار طاہر محمود نے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت کاروباری برادری کی خدمت اور آئی سی سی آئی کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے گی۔ انہوں نے اپنے دورِ صدارت کے اہم اقدامات اور کامیابیوں کا بھی ذکر کیا۔

چیئرمین آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ شیخ طارق صادق نے نومنتخب قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نئی ٹیم کاروباری برادری کے مفادات کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے سبکدوش قیادت کی خدمات کو بھی سراہا۔

سبکدوش سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر محمد عرفان چوہدری نے بھی اپنے دورِ ذمہ داری کے اہم اقدامات اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور نومنتخب قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اس سے قبل سیکرٹری جنرل غلام مرتضیٰ نے اجلاس کا ایجنڈا ایوان کے سامنے پیش کیا، جسے بھاری اکثریت سے منظور کر لیا گیا۔

42واں سالانہ اجلاسِ عام نومنتخب قیادت کی جانب سے آئی سی سی آئی میں کاروباری برادری کی مؤثر نمائندگی اور اس کے مفادات کے تحفظ کے عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔

ٹیگز: • •
شیئر کریں: f 𝕏 ✆ ✈ 🔗
تحقیقاتی صحافی

hanif saabir

اپنی رائے دیں