مرکزی مواد پر جائیں
⛅ اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
قومی

باکو میں ’’زبانوں کے درمیان پل‘‘ کے عنوان سے ادبی تقریب، پاکستانی اور آذربائیجانی ادب کے تراجم پیش

باکو: سفارتخانہ پاکستان باکو کے زیر اہتمام اور آذربائیجان یونیورسٹی آف لینگویجز کے پاکستانی زبان و ثقافت مرکز کے تعاون سے ’’زبانوں کے درمیان پل: آذربائیجانی۔اردو ادبی تراجم کی تقریب رونمائی‘‘ کے عنوان سے خصوصی ادبی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان اور آذربائیجان کے معروف ادبی کاموں کے تراجم پیش کیے گئے۔

تقریب میں پاکستانی موٹیویشنل اسپیکر اور مصنف قاسم علی شاہ کی معروف کتاب ’’منزل کی طرف‘‘ کے آذربائیجانی ترجمے جبکہ آذربائیجان یونیورسٹی آف لینگویجز کے ریکٹر، ماہر تعلیم اور دانشور پروفیسر کمال عبداللہ کی تصنیف ’’وادیِ طلسم‘‘ کے اردو ترجمے کی رونمائی کی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ دونوں کتابوں کے تراجم پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بڑھتے ہوئے ادبی، علمی اور ثقافتی روابط کی عکاسی کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی افہام و تفہیم کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔

تقریب کا افتتاح پاکستان کی وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کیا۔ اس موقع پر آذربائیجان کی پارلیمنٹ، ملی مجلس، کی اراکین تمّام جعفرووا اور رضوان نبی یوف نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو سراہا اور عوامی و ثقافتی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب کے دوران محترمہ ورجینیا مورگن حیات کی جانب سے پاکستان کے متنوع ثقافتی ورثے، تاریخی مقامات، قدرتی حسن اور دلکش مناظر پر مشتمل خصوصی فوٹوگرافی نمائش بھی پیش کی گئی۔ ورجینیا مورگن حیات نے پاکستان میں اپنے تجربات اور تاثرات بھی شرکاء کے ساتھ شیئر کیے۔

اس موقع پر پاکستان کے ثقافتی تنوع اور خوبصورتی کو اجاگر کرنے والی دستاویزی فلم ’’سلام پاکستان‘‘ بھی دکھائی گئی، جس میں ملک کے مختلف ثقافتی اور قدرتی پہلوؤں کو اجاگر کیا گیا۔ شرکاء نے دستاویزی فلم میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا۔

تقریب میں پاکستانی ثقافت کے ذائقوں کو بھی اجاگر کیا گیا اور مہمانوں کے لیے پاکستانی کھانوں اور روایتی مٹھائیوں کا اہتمام کیا گیا، جن سے شرکاء نے لطف اٹھایا۔

ادبی تقریب میں آذربائیجان کی پارلیمنٹ کے ارکان، ماہرین تعلیم، دانشوروں، ادیبوں، طلبہ، میڈیا نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

تقریب کے اختتام پر مقررین نے اس امر پر زور دیا کہ ادبی اور ثقافتی تبادلے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی افہام و تفہیم اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ مقررین کے مطابق دونوں ممالک کے ادب کے تراجم ایک دوسرے کی زبان، ثقافت اور فکری ورثے کو سمجھنے کے لیے مؤثر ذریعہ ثابت ہو رہے ہیں۔

ٹیگز: • • •
شیئر کریں: f 𝕏 ✆ ✈ 🔗
تحقیقاتی صحافی

hanif saabir

اپنی رائے دیں