اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس 3 روزہ دورہ پر اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس تین روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ ان کا دورہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر ہو رہا ہے اور وہ 6 سے 8 اکتوبر 2026 تک پاکستان میں قیام کریں گے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی اسلام آباد آمد پر قائم مقام سیکریٹری خارجہ سفیر نبیل منیر نے ان کا استقبال کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران انتونیو گوتریس صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور چیف آف ڈیفنس فورسز و چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقاتیں کریں گے۔
اقوام متحدہ کے سربراہ اپنے دورے کے دوران اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ برائے بھارت و پاکستان کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کریں گے، جبکہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی میں بریفنگ میں شرکت ان کے شیڈول میں شامل ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق دورے کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال، بین الاقوامی امن و سلامتی، کثیرالجہتی نظام اور پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ پاکستان کی جانب سے کثیرالجہتی نظام کے فروغ اور عالمی امن و سلامتی کے لیے کوششوں کو بھی اجاگر کیا جائے گا۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی جانب سے پاکستان کی قدرتی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، ابتدائی انتباہی نظام اور موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کے اقدامات کا بھی جائزہ متوقع ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا دورہ اسی سلسلے کا حصہ ہے۔
اقوام متحدہ کے مطابق انتونیو گوتریس کا یہ دورہ 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد پاکستان کے لیے ان کی توجہ اور اقوام متحدہ کے تعاون کے تناظر میں بھی اہم ہے۔ وہ اس سے قبل 2022 میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر چکے ہیں۔
حالیہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور انتونیو گوتریس کے درمیان ملاقات بھی ہوئی تھی، جس میں علاقائی اور عالمی صورتحال سمیت مشرق وسطیٰ کے حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔
پاکستان کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا دورہ پاکستان کی جانب سے کثیرالجہتی نظام، اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد و اصولوں اور عالمی امن و سلامتی کے لیے تعاون کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
انتونیو گوتریس کا پاکستان کا موجودہ دورہ ان کے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی حیثیت سے موجودہ مدت کے اختتام سے چند ماہ قبل ہو رہا ہے۔ ان کی دس سالہ مدتِ منصب 31 دسمبر 2026 کو ختم ہونے والی ہے۔