مرکزی مواد پر جائیں
⛅ اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
قومی

پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کا اہم اجلاس, مکہ معاہدے کے تحت تازہ ترین حالات پر تبادلہ خیال

نیویارک، 25 ستمبر: پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بن عبداللہ اور ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ (MJDA) کے فریم ورک کے تحت اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت جنرل سیکریٹریٹ، کمیٹیوں اور ورکنگ گروپس کے قیام کی جانب ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا، جبکہ ان اداروں کے کام شروع کرنے کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

تینوں وزرائے خارجہ نے مقدس شہر مکہ مکرمہ اور سعودی عرب میں شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی۔

وزرائے خارجہ نے سعودی مسلح افواج کی مستعدی اور مملکت کی سلامتی کے دفاع کی صلاحیت کو سراہا اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے مطابق سعودی عرب کے اپنے دفاع اور اپنی سلامتی کے تحفظ کے لیے مناسب سمجھنے والے اقدامات اٹھانے کے حق کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں تینوں ممالک کے مسلح افواج کے سربراہان کا ہنگامی اجلاس بلانے کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس کا مقصد مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت سعودی عرب کی معاونت کے طریقہ کار پر غور کرنا ہے۔

مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت کسی ایک فریق کے خلاف حملے کو تمام فریقوں کے خلاف حملہ تصور کیا جائے گا۔

تینوں وزرائے خارجہ نے خطے کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بین الاقوامی قانون، اچھے ہمسایہ تعلقات، ریاستوں کی خودمختاری کے باہمی احترام اور ایک دوسرے کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کے اصولوں کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔

انہوں نے خطے میں بحری راستوں کی سلامتی اور آزادانہ آمدورفت یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

وزرائے خارجہ نے خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے، کشیدگی میں کمی کے لیے اقدامات کی حمایت اور بحرانوں کے پرامن حل کی حوصلہ افزائی کے عزم کا اعادہ کیا۔

یہ ملاقات خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں ہوئی ہے اور مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دفاعی و سلامتی کے شعبوں میں قریبی رابطہ کاری کے عمل کو آگے بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

شیئر کریں: f 𝕏 ✆ ✈ 🔗
تحقیقاتی صحافی

hanif saabir

اپنی رائے دیں