مرکزی مواد پر جائیں
⛅ اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
قومی

پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کا لانگ مارچ مؤخر کردیا، سہیل آفریدی کا 4 اکتوبر کو پشاور سے روانگی کا اعلان

پشاور: پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب شیڈول لانگ مارچ مؤخر کردیا، اب لانگ مارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان کے مطابق پارٹی نے احتجاجی مارچ 4 اکتوبر کو پشاور سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں موجودہ سیاسی اور سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ 27 ستمبر کو مارچ کرنے کے بجائے اسے کچھ دن کے لیے مؤخر کیا جائے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں اپوزیشن اتحاد کے رہنماؤں محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے مشاورت بھی کی گئی۔ دونوں رہنماؤں کو پارٹی کے فیصلے سے آگاہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس سے قبل پی ٹی آئی کی جانب سے 27 ستمبر کے لانگ مارچ کی تیاریاں جاری رکھنے کے بیانات سامنے آتے رہے تھے۔ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے بھی کہا تھا کہ لانگ مارچ ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا اور پارٹی احتجاج کے لیے مکمل تیار ہے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ پُرامن ہوگا اور اس میں سرکاری وسائل استعمال نہیں کیے جائیں گے۔ ان کے مطابق وفاقی حکومت مذاکرات کرے تو احتجاج کے حوالے سے فیصلہ کیا جاسکتا ہے، تاہم تحریک انصاف اپنے مطالبات حاصل کیے بغیر احتجاج ختم نہیں کرے گی۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق 27 ستمبر کے احتجاج کو مؤخر کرنے کا فیصلہ موجودہ حالات اور سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے اب 4 اکتوبر کو پشاور سے اسلام آباد کی طرف مارچ کی تیاریاں کی جائیں گی۔

شیئر کریں: f 𝕏 ✆ ✈ 🔗
تحقیقاتی صحافی

hanif saabir

اپنی رائے دیں