مرکزی مواد پر جائیں
اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

پاکستان میں گوگل دفتر کا قیام آئی ٹی شعبے کیلئے اہم سنگ میل

پاکستان میں گوگل دفتر کا قیام آئی ٹی شعبے کیلئے اہم سنگ میل

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)۔ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں گوگل کے پہلے دفتر کا قیام ملک میں ٹیکنالوجی کے شعبے کے لئے نئے ٹیلنٹ کو مضبوط بنانے اور مقامی ٹیکنالوجی ایکو سسٹم کو مزید معاونت فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گوگل کی موجودگی سے سرمایہ کاری میں اضافہ

وزیر آئی ٹی نے کہا کہ گوگل سمیت دیگر بڑی عالمی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی پاکستان میں موجودگی مزید عالمی کمپنیوں کو ملک میں اپنے آپریشنز قائم کرنے کی ترغیب دے گی۔ یہ بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کی پاکستان آمد اور ان کی عملی موجودگی عالمی ٹیک کمپنیوں کے پاکستان کی معیشت اور قیادت پر اعتماد کی عکاس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گزشتہ دو برس کے دوران ڈیجیٹل تبدیلی کے ایجنڈے کی ذاتی طور پر قیادت کی اور ‘ڈیجیٹل نیشن پاکستان’ اقدام کے ذریعے اس حوالے سے واضح روڈ میپ فراہم کیا۔

آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات گزشتہ اڑھائی برس کے دوران مسلسل تقریباً 20 فیصد کی شرح سے بڑھ رہی ہیں جو نجی شعبے میں ترقی کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی فری لانسنگ معیشت بھی رواں سال ایک ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔ حکومت کی جانب سے بجٹ میں آئی ٹی صنعت کو خصوصی مراعات دی گئی ہیں جن میں برآمدات کے لئے فائنل ٹیکس رجیم اور برآمدات پر 0.25 فیصد ٹیکس کا نفاذ شامل ہے۔

مشترکہ کوششیں اور حکومتی اقدامات

شزہ فاطمہ نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC) کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزارت آئی ٹی، متعلقہ اداروں اور SIFC کی مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں پاکستان میں گوگل کا دفتر قائم کرنا ممکن ہوا۔ گوگل کے ساتھ حکومتی شراکت داری پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار گوگل سرٹیفیکیشنز مکمل کئے جا چکے ہیں، جبکہ حکومت گوگل کے تعاون سے 3 ہزار سرکاری افسران کے لئے سرٹیفیکیشن پروگرامز پر بھی کام کر رہی ہے۔

مستقبل کے اہداف

وزیر موصوفہ نے مزید کہا کہ گوگل ڈویلپرز گروپ کے ساتھ مل کر شروع کئے گئے ‘اے آئی سیکھو’ پروگرام میں 17 ہزار سے زائد ٹیموں نے حصہ لیا۔ اس کے علاوہ گزشتہ سال پاکستان میں کروم بک کی اسمبلی لائن کا بھی افتتاح کیا گیا تھا، اب حکومت مستقبل میں ان کی برآمد کے امکانات بھی تلاش کر رہی ہے۔ جولائی کے آئی ٹی برآمدات کے اعداد و شمار کے مطابق سالانہ بنیاد پر 18 فیصد اضافہ ہوا اور اس ماہ پاکستان نے 417 ملین ڈالر کی آئی ٹی برآمدات ریکارڈ کیں، جن کا تجارتی سرپلس 85 سے 86 فیصد تک ہے۔

شیئر کریں: f 𝕏 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں