ایمرجنسی یا گورنر راج کی گنجائش موجود، نفاذ ہوا تو میں اکیلا ہی کافی ہوں، گورنر کے پی فیصل کنڈی

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے کی صورتحال خراب ہونے کی صورت میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی گنجائش موجود ہے اور صوبہ بچانے کے لیے اگر ایمرجنسی لگانا پڑی تو ضرور لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایمرجنسی نافذ ہوتی ہے تو وہ پاکستان تحریک انصاف کے لیے اکیلے ہی کافی ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ جب صوبے کی صورتحال ایسی ہوجاتی ہے تو صدر مملکت، وزیراعظم اور دیگر متعلقہ ادارے حالات کا جائزہ لے کر ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں موجودہ صورتحال کے پیش نظر اس امکان کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔
گورنر خیبرپختونخوا نے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ پشاور میں کیا ہورہا ہے، کوئی کارنر میٹنگ ہوئی ہے یا کوئی بینر نظر آیا ہے؟ ان کے مطابق لانگ مارچ کے دوران اب تک صرف خود ساختہ گرفتاریاں اور روپوشیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی پہلے صوابی کراس کرکے دکھائے، ان کے پاس کوئی واضح منصوبہ بندی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ لانگ مارچ کو ایک ماہ لگ جائے لیکن صوابی نہ پہنچ سکے۔