وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے لانگ مارچ کا شیڈول جاری کر دیا، 4 اکتوبر کو لکی مروت سے آغاز، 8 اکتوبر کو خیر آباد پہنچے گا

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پاکستان تحریک انصاف کے لانگ مارچ کا تفصیلی شیڈول جاری کردیا، لانگ مارچ کا پہلا مرحلہ آج 4 اکتوبر کو لکی مروت کے گنڈی چوک سے شروع ہوگا اور 8 اکتوبر کو خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے آنے والے قافلے خیر آباد کے مقام پر جمع ہوں گے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے مطابق 4 اکتوبر کو دوپہر ایک بجے گنڈی چوک لکی مروت سے لانگ مارچ کا آغاز ہوگا، جس میں ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، بنوں اور لکی مروت کے کارکن اور شہری شریک ہوں گے۔ قافلہ رات کو کرک کے قریب قیام کرے گا۔
انہوں نے بتایا کہ 5 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے کرک کے کارکن لانگ مارچ میں شامل ہوں گے، جہاں سے قافلہ ساڑھے 12 بجے روانہ ہوگا اور رات کو کوہاٹ کے قریب قیام کرے گا۔
شیڈول کے مطابق 6 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے کوہاٹ، ہنگو، کرم اور اورکزئی کے کارکن قافلے میں شامل ہوں گے، جس کے بعد لانگ مارچ کوہاٹ سے پشاور کی جانب روانہ ہوگا اور رات متنی کے قریب گزاری جائے گی۔
سہیل آفریدی کے مطابق 7 اکتوبر کو دوپہر ساڑھے 12 بجے پشاور کے علاقے بڈھ بیر سے قافلہ روانہ ہوگا، جہاں ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے کارکن بھی مارچ میں شامل ہوں گے۔ پشاور کے دیگر علاقوں سے آنے والے کارکن کوہاٹ روڈ پل اور موٹروے ٹول پلازا کے مقامات پر قافلے کا حصہ بنیں گے، جبکہ رات چارسدہ انٹرچینج کے قریب قیام کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ 8 اکتوبر کو دوپہر ساڑھے 12 بجے چارسدہ انٹرچینج سے قافلہ روانہ ہوگا، جہاں ضلع چارسدہ اور مہمند سے تعلق رکھنے والے کارکن مارچ میں شامل ہوں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ 8 اکتوبر کو پورے خیبر پختونخوا سے آنے والے کارکن اور قافلے خیر آباد کے مقام پر جمع ہوں گے اور وہاں رات قیام کریں گے، جبکہ لانگ مارچ کے اگلے مرحلے کا لائحہ عمل خیر آباد میں دیا جائے گا۔
سہیل آفریدی نے اس سے قبل بھی اعلان کیا تھا کہ لانگ مارچ کا آغاز 4 اکتوبر کو گنڈی چوک لکی مروت سے کیا جائے گا اور وہ خود قافلے کی قیادت کریں گے۔
وزیراعلیٰ کا تفصیلی شیڈول ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات میں لانگ مارچ کا معاملہ مرکزی موضوع بنا ہوا ہے اور حکومت کی جانب سے مارچ ختم یا مؤخر کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔