اسلام آباد میں نواب آف بہاولپور کے گھر سے سونے، چاندی کے برتن، نوادرات اور کروڑوں کا سامان چوری، 6 ملزمان گرفتار

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف ایٹ تھری میں نواب آف بہاولپور کے شاہی خاندان کے گھر سے تقریباً 2 کروڑ روپے مالیت کے تاریخی نوادرات، سونے چاندی کی اشیا اور دیگر قیمتی سامان چوری ہونے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، اسلام آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ان کے قبضے سے 70 سے 80 فیصد مالِ مسروقہ برآمد کرلیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق چوری کی واردات تھانہ مارگلہ کی حدود میں واقع نواب آف بہاولپور کے خاندان کی رہائش گاہ میں ہوئی۔ گھر سے چوری ہونے والی اشیا میں چاندی کی تخت نما کرسی، چاندی کی سیڑھی، چاندی کے پیالے، مختلف مجسمے، سونے کی پلیٹیں اور سابق ریاست بہاولپور کے شاہی نشان والی دیگر قیمتی اشیا شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق چوری ہونے والی اشیا میں بہاولپور ریاست کے نشان والا ایک بڑا تاریخی چاندی کا فریم بھی شامل ہے، جبکہ گھر سے ریاست بہاولپور سے منسلک قدیم مسکٹ بندوقیں اور تلواریں بھی غائب پائی گئیں۔ مجموعی طور پر چوری ہونے والے تاریخی اور قیمتی سامان کی مالیت تقریباً 2 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق یہ گھر نواب صلاح الدین عباسی کے صاحبزادے شہزادہ بہاول عباس عباسی کی رہائش گاہ ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق یکم اکتوبر کو سہ پہر تقریباً 3 بجے گھر کا اسٹور روم کھلا اور ٹوٹ پھوٹ کی حالت میں پایا گیا، جس کے بعد تاریخی اور قیمتی اشیا کے چوری ہونے کا انکشاف ہوا۔
پولیس نے شہزادہ بہاول عباس عباسی کی درخواست پر تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کیا۔ مختلف دستیاب رپورٹس میں مقدمے کے لیے تعزیرات پاکستان کی دفعات 380 اور 454 کا ذکر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ مارگلہ کی ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور انسانی ذرائع کی مدد سے واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگایا اور 6 مشتبہ ملزمان کو گرفتار کیا۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ سامان کا تقریباً 70 سے 80 فیصد حصہ برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ باقی مالِ مسروقہ کی برآمدگی اور واردات میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے نام اور ان کے مبینہ کردار کی مکمل تفصیلات تاحال جاری نہیں کیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے اور باقی ماندہ چوری شدہ سامان بھی برآمد کرنے کی کوشش جاری ہے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔