مکہ معاہدے کے تحت اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کا اجلاس آج ہو گا، فیلڈ مارشل عاصم منیر، اسحاق ڈار، خواجہ آصف سعودی عرب جائیں گے

اسلام آباد: مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم اسٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی (SPDC) کا اجلاس آج سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ہو گا، جس میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اجلاس میں شرکت کے لیے آج سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ریاض جائیں گے۔
اجلاس میں سعودی عرب اور ترکیہ کے متعلقہ وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور چیفس آف جنرل اسٹاف بھی شرکت کریں گے۔
اجلاس کے دوران خطے میں ہونے والی تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ مکہ معاہدے کے فریم ورک کے تحت جاری تعاون کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
پاکستان کی جانب سے اس اہم اجلاس میں شرکت علاقائی امن و استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھنے کے عزم کا اظہار ہے۔ پاکستان مکہ معاہدے کے تحت سعودی عرب اور ترکیہ کے ساتھ سیاسی و دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بھی پرعزم ہے۔