ظفر بختاوری کی قیادت میں یو بی جی وفد کا راولپنڈی چیمبر کا دورہ، نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

اسلام آباد: یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کے سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری نے وفد کے ہمراہ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور نومنتخب صدر نوشیروان خلیل خان، گروپ لیڈر سہیل الطاف، سینئر نائب صدر وسیم اسلم، نائب صدر اکرام عباسی اور ایگزیکٹو ممبران کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دی۔
وفد میں صدر اسلام آباد ویمن چیمبر ثمینہ فاضل، صدر تلہ گنگ چیمبر ملک شبیر، مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری اور سابق ایگزیکٹو ممبر ملک محسن خالد بھی شامل تھے۔
اس موقع پر گروپ لیڈر سہیل الطاف نے ظفر بختاوری کی قیادت میں وفد کی آر سی سی آئی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی، باہمی رابطوں اور اتحاد کے فروغ کے لیے ایسی سرگرمیاں انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاجر اور صنعتکار ملکی معیشت کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔
ظفر بختاوری نے سہیل الطاف کی طویل عرصے سے کاروباری برادری کے لیے خدمات اور مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چیمبر اور تاجر برادری کے مسائل کے حل اور کاروباری اتحاد کے فروغ کے لیے ہمیشہ فعال کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو معاشی استحکام، برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروبار دوست ماحول کی ضرورت ہے۔ چیمبرز آف کامرس کو حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان مؤثر پل کا کردار ادا کرتے ہوئے ملکی معیشت کے استحکام اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
نومنتخب صدر آر سی سی آئی نوشیروان خلیل خان نے یو بی جی وفد کی آمد اور مبارکباد پر شکریہ ادا کیا۔
ثمینہ فاضل نے خواتین کی معاشی سرگرمیوں میں شمولیت بڑھانے اور انہیں مزید کاروباری مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ حسن سروش نے چیمبرز اور تجارتی تنظیموں کے درمیان مضبوط روابط کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔
آر سی سی آئی کے سینئر نائب صدر وسیم اسلم نے نومنتخب قیادت کی حوصلہ افزائی کے لیے چیمبر آمد پر ظفر بختاوری، ثمینہ فاضل، ملک شبیر، کاشف چوہدری اور ملک محسن خالد کا شکریہ ادا کیا۔