وزیراعظم شہباز شریف کا اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد جاری رکھنے کا عزم، عالمی بینک کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم

وزیراعظم شہباز شریف کا اصلاحات کے ایجنڈے پر عملدرآمد جاری رکھنے کا عزم، عالمی بینک کی رپورٹ کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم
اسلام آباد، 31 جولائی: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کو مستحکم اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اصلاحات کے جامع ایجنڈے پر بھرپور عملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ عالمی بینک کی جانب سے پیش کی گئی “پاکستان میں مالیاتی وفاقیت کو مضبوط بنانے” سے متعلق رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
جمعہ کو وزیراعظم ہاؤس میں عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر بولورما امگآبزر کی قیادت میں وفد نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے عالمی بینک کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی سماجی و معاشی ترقی میں ادارے کی مسلسل معاونت اور دیرینہ شراکت داری کو سراہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی اقتصادی اصلاحات کے نتیجے میں ملکی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے اصلاحاتی عمل مزید تیزی سے جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا آئینی وفاقی ڈھانچہ، صوبائی خودمختاری اور وفاق اور صوبوں کے درمیان باہمی تعاون و مشاورت ملکی ترقی اور استحکام کے لیے بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
ملاقات کے دوران عالمی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر نے “پاکستان میں مالیاتی وفاقیت کو مضبوط بنانے” کے عنوان سے تیار کی گئی رپورٹ پیش کی اور اس کے اہم نکات پر بریفنگ دی۔ وفد نے رپورٹ میں اٹھارہویں آئینی ترمیم اور ساتویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے بعد مالیاتی وفاقیت کے ارتقا، محصولات، اخراجات، وفاقی اور صوبائی مالیاتی تعلقات، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور عوامی وسائل کے مؤثر استعمال سے متعلق اپنے تجزیات اور مشاہدات سے آگاہ کیا۔
وفد نے مالیاتی نظم و ضبط کو بہتر بنانے، وسائل کے مؤثر استعمال، عوامی خدمات کی فراہمی میں بہتری اور وفاقی و صوبائی اداروں کے درمیان مؤثر تعاون کو فروغ دینے کے لیے مختلف پالیسی سفارشات بھی پیش کیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی بینک کے تجزیے اور بین الاقوامی تجربات کی روشنی میں کیے گئے تقابلی جائزے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے تحقیقی مطالعات پالیسی سازی کے عمل میں مؤثر رہنمائی فراہم کرتے ہیں اور بہتر حکمرانی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی، جو رپورٹ میں پیش کی گئی سفارشات کا متعلقہ فریقوں، بالخصوص صوبائی حکومتوں سے مشاورت اور پاکستان کے آئینی و وفاقی ڈھانچے کو مدنظر رکھتے ہوئے جائزہ لے گی، تاکہ عوامی مفاد میں قابلِ عمل سفارشات پر پیش رفت کی جا سکے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ اور احسن اقبال، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر سید توقیر شاہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔