تاجر برادری مسائل کے حل، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے فاؤنڈر گروپ کے امیدواروں کو کامیاب بنائے، چیئرمین طارق صادق

تاجر برادری مسائل کے حل، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے فاؤنڈر گروپ کے امیدواروں کو کامیاب بنائے، چیئرمین طارق صادق
اسلام آباد: چیئرمین فاؤنڈر گروپ طارق صادق نے اسلام آباد کی تاجر برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ 16 ستمبر کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے انتخابات میں اپنا ووٹ ضرور پول کریں اور تاجر برادری کے مسائل کے حل، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور بہتر مستقبل کے لیے فاؤنڈر گروپ کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔
بلیو ایریا میں سابق صدر آئی سی سی آئی ظفر بختاوری کی جانب سے فاؤنڈر گروپ کی قیادت اور آئی سی سی آئی انتخابات کے امیدواروں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے طارق صادق نے کہا کہ فاؤنڈر گروپ گزشتہ 40 سال سے تاجر برادری کی خدمت کر رہا ہے اور اس کی شاندار کارکردگی تاجروں کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔
تقریب میں آئی سی سی آئی فاؤنڈر گروپ کے کونسل ممبران خالد جاوید، خالد اقبال ملک، عبدالروف عالم، ظفر بختاوری، میاں اکرم فرید، عامر وحید، اعجاز عباسی اور چوہدری مسعود سمیت اسلام آباد کی مختلف مارکیٹوں کے صدور، عہدیداران اور تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ظفر بختاوری نے کہا کہ فاؤنڈر گروپ مکمل طور پر متحد ہے اور آئی سی سی آئی تاجر برادری کے مسائل کے حل کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم اور معزز ادارہ ہے۔ فاؤنڈر گروپ چار دہائیوں سے تاجروں کی خدمت کر رہا ہے اور ہر الیکشن میں تاجروں نے اس پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو بااختیار اسمبلی دی جانی چاہیے، این ایف سی ایوارڈ میں اسلام آباد کو اس کا جائز حصہ ملنا چاہیے جبکہ بلدیاتی نظام میں تاجر برادری کو بھرپور کردار دیا جانا چاہیے۔
میاں اکرم فرید نے کہا کہ فاؤنڈر گروپ کی چار دہائیوں پر محیط خدمات اس کی کامیابی اور تاجروں کے اعتماد کی سب سے بڑی دلیل ہیں۔ گروپ ہمیشہ مشاورت، اتحاد اور اجتماعی فیصلوں پر یقین رکھتا ہے۔ انہوں نے تاجروں سے اپیل کی کہ وہ 16 ستمبر کو متحد ہوکر فاؤنڈر گروپ کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔

عامر وحید اور اعجاز عباسی نے امیدواروں کا تعارف کراتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈر گروپ نے ہمیشہ میرٹ، صلاحیت اور خدمت کو ترجیح دی ہے۔ موجودہ پینل تاجر برادری کے مسائل کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور ان کے حل کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
صدارتی امیدوار زکریا ضیاء نے کہا کہ تاجر برادری نے فاؤنڈر گروپ پر جو اعتماد کیا ہے، کامیابی کے بعد اسے عملی کارکردگی میں تبدیل کیا جائے گا۔ آئی سی سی آئی کو تاجروں کے مسائل کے حل اور کاروباری ماحول کی بہتری کے لیے مزید مؤثر پلیٹ فارم بنایا جائے گا۔
صدارتی امیدوار عمر حسین نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے۔ کامیابی کی صورت میں تاجروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور آئی سی سی آئی کے کردار کو مزید مؤثر بنانے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔
چوہدری واجد ایوب، نوید ملک، کاشف چوہدری اور چوہدری رؤف نے کہا کہ فاؤنڈر گروپ کی اصل طاقت تاجر برادری کا اعتماد اور مضبوط اتحاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے مضبوط، متحرک اور متحد آواز کی ضرورت ہے اور فاؤنڈر گروپ ہمیشہ تاجروں کے ساتھ کھڑا رہا ہے۔
صدر بلیو ایریا یوسف راجپوت نے کہا کہ بلیو ایریا کی تاجر برادری فاؤنڈر گروپ کی قیادت اور امیدواروں کے ساتھ کھڑی ہے اور 16 ستمبر کو بھرپور حمایت کا مظاہرہ کرے گی۔
بلیو ایریا سے ایگزیکٹو کمیٹی کے امیدوار ابرار الحق نے کہا کہ بلیو ایریا کے تاجر فاؤنڈر گروپ کے امیدواروں کی کامیابی کے لیے متحد ہیں۔ تاجر برادری کا ووٹ فاؤنڈر گروپ کے مضبوط اور مؤثر کردار کو مزید مستحکم کرے گا۔