پاکستان میں 21 لاکھ سے زائد اسمارٹ بجلی میٹرز نصب، لیسکو سب سے آگے

پاکستان میں 21 لاکھ سے زائد اسمارٹ بجلی میٹرز نصب، لیسکو سب سے آگے
اسلام آباد: پاکستان بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے نیٹ ورک میں اب تک 21 لاکھ 25 ہزار 296 اسمارٹ بجلی میٹرز نصب کیے جاچکے ہیں، جن میں سب سے زیادہ میٹرز لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے علاقے میں لگائے گئے ہیں۔
وزارت توانائی کی جانب سے سینیٹ میں جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق لیسکو میں 11 لاکھ 53 ہزار 556 اسمارٹ میٹرز نصب کیے جاچکے ہیں، جو ملک میں کسی بھی بجلی تقسیم کار کمپنی کے مقابلے میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی میں 3 لاکھ 48 ہزار 135، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی میں 2 لاکھ 29 ہزار 719 اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی میں 1 لاکھ 19 ہزار 372 اسمارٹ میٹرز نصب کیے گئے ہیں۔
فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کے نیٹ ورک میں 1 لاکھ 11 ہزار 948، پشاور الیکٹرک پاور کمپنی میں 60 ہزار 685 جبکہ کے الیکٹرک کے نیٹ ورک میں 50 ہزار 599 اسمارٹ میٹرز نصب ہوچکے ہیں۔
اسی طرح حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی میں 19 ہزار 620، سکھر الیکٹرک پاور کمپنی میں 13 ہزار 432 اور کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی میں 9 ہزار 194 اسمارٹ میٹرز نصب کیے گئے ہیں۔
ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے صارفین کے لیے 7 ہزار 659 جبکہ قبائلی الیکٹرک سپلائی کمپنی کے نیٹ ورک میں سب سے کم 1 ہزار 377 اسمارٹ میٹرز نصب کیے گئے ہیں۔
وزارت توانائی کے مطابق اسمارٹ میٹرز کی تنصیب سے بجلی کے استعمال کی بہتر نگرانی، میٹر ریڈنگ میں شفافیت اور بجلی کے نظام کو جدید بنانے میں مدد ملے گی۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے بجلی کی کھپت اور صارفین کے استعمال سے متعلق معلومات زیادہ مؤثر انداز میں حاصل کی جاسکیں گی۔
حکومت کی جانب سے بجلی کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو نظام میں شفافیت، نگرانی بہتر بنانے اور بجلی کی تقسیم کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اہم قرار دیا جارہا ہے۔