مرکزی مواد پر جائیں
⛅ اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

وزیراعظم شہباز شریف سے ملائیشین وزیر داخلہ کی اسلام آباد میں ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے ملائیشین وزیر داخلہ کی اسلام آباد میں ملاقات (تصویر 1)

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے بالخصوص سکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا ہے۔ اس سے قبل ملائیشیا کے وزیر داخلہ کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے جی ایچ کیو میں ملاقات بھی ہوئی تھی جس میں دوطرفہ سکیورٹی امور پر بات چیت کی گئی تھی۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ داتوسری سیف الدین نسوتیون اسماعیل نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔

دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

وزیراعظم شہباز شریف سے ملائیشین وزیر داخلہ کی اسلام آباد میں ملاقات (تصویر 2)

وزیراعظم نے ملائیشیا کے وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیراعظم داتو سری انور بن ابراہیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ان کی صحت کے بارے میں دریافت کرتے ہوئے جلد صحت یابی کی دعا کی۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان روابط، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے ملائیشین وزیر داخلہ کی اسلام آباد میں ملاقات (تصویر 3)

علاقائی صورتحال اور سزایافتہ افراد کی منتقلی کا معاہدہ

ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان کی جانب سے علاقائی امن کے قیام کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کرنے پر ملائیشیا کا شکریہ ادا کیا۔ ملائیشیا کے وزیر داخلہ نے وزیراعظم داتو سری انور بن ابراہیم کی جانب سے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے لیے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے میں ملائیشیا کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان ‘سزایافتہ افراد کی منتقلی’ کے معاہدے پر دستخط کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ اس اہم معاہدے پر ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین نسوتیون اسماعیل اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے دستخط کیے۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے۔

شیئر کریں: f 𝕏 ✆ ✈ 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں