مرکزی مواد پر جائیں
⛅ اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

فرانس کا کراچی میں قونصل خانہ 50 سال بعد مستقل بند کرنے کا اعلان

فرانس کا کراچی میں قونصل خانہ 50 سال بعد مستقل بند کرنے کا اعلان

فرانس کا کراچی میں قونصل خانہ 50 سال بعد مستقل بند کرنے کا اعلان

کراچی: فرانس نے کراچی میں قائم اپنے قونصل خانے کو تقریباً 50 سال کی سفارتی خدمات کے بعد مستقل طور پر بند کرنے کا اعلان کردیا۔

پاکستان میں فرانس کے سبکدوش ہونے والے سفیر نکولس گیلے نے یہ اعلان کراچی میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام قائداعظم ہاؤس میوزیم کے بورڈ آف مینجمنٹ اور کراچی کونسل آف فارن ریلیشنز نے کیا تھا، جس میں فرانس کے قونصل جنرل کراچی الیکسس چہتاہنسکی کو بھی الوداع کہا گیا۔

فرانسیسی سفیر نے بتایا کہ کراچی میں فرانس کا قونصل خانہ 1976 میں قائم کیا گیا تھا اور پانچ دہائیوں پر محیط خدمات کے بعد اب اسے مستقل طور پر بند کیا جا رہا ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں فرانس کی سفارتی، ثقافتی اور تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر ختم نہیں ہوں گی۔

نکولس گیلے کے مطابق کراچی میں الائنس فرانسیز فرانسیسی ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ میں اپنا کردار جاری رکھے گا، جبکہ پاکستان فرانس بزنس الائنس بھی دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط کے لیے کام کرتا رہے گا۔

فرانسیسی سفیر نے پاکستان کی جانب سے خلیجی بحران کے دوران کی جانے والی سفارتی اور ثالثی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں پاکستان ایک بااثر ملک کے طور پر سامنے آیا ہے۔

فرانس کے قونصل جنرل الیکسس چہتاہنسکی نے کہا کہ وہ یکم ستمبر کو کراچی سے فرانس روانہ ہوجائیں گے۔ انہوں نے کراچی میں اپنے چار سالہ قیام کو یادگار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ شہر ہمیشہ ان کے دل میں خصوصی مقام رکھے گا۔

انہوں نے کراچی کو پاکستان کا معاشی مرکز اور ملک کی سب سے بڑی بندرگاہ کا حامل شہر قرار دیا اور کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کے حوالے سے اس کی اہمیت بہت زیادہ ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کو ماضی میں جرائم اور دہشت گردی جیسے مسائل کا سامنا رہا، تاہم حالیہ برسوں میں ملک کی سفارتی سرگرمیوں، خصوصاً خلیجی تنازع کے دوران ثالثی کے کردار نے عالمی سطح پر اس کی حیثیت کو نمایاں کیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی کونسل آف فارن ریلیشنز کے وائس چیئرمین اکرام سہگل نے پاکستان اور فرانس کے تاریخی تعلقات کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ فرانس پاکستان کو تسلیم کرنے والا پہلا غیر مسلم ملک تھا، جبکہ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات 1951 میں قائم ہوئے۔

اکرام سہگل نے دفاعی شعبے میں فرانس کے تعاون کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے فرانس سے ڈیفنی اور اگوسٹا کلاس آبدوزیں جبکہ ماضی میں میراج تھری اور میراج فائیو جنگی طیارے حاصل کیے۔ ان کے مطابق میراج طیاروں کو جدید خطوط پر اپ گریڈ کرنے کے بعد ان کے جدید ورژن آج بھی پاکستان میں استعمال کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کراچی میں فرانسیسی قونصل خانے کی بندش پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی بڑھتی ہوئی جغرافیائی اور معاشی اہمیت کے پیش نظر فرانس کو کراچی میں اپنے سفارتی اور تجارتی روابط مزید مضبوط کرنے چاہییں تھے۔

اکرام سہگل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تجارت، سرمایہ کاری اور نئے جغرافیائی و سیاسی اتحاد کے حوالے سے اہم مواقع پیدا ہو رہے ہیں اور ملک مستقبل میں عالمی سطح پر مزید اہم کردار ادا کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں فرانسیسی قونصل خانہ 1976 میں قائم ہوا تھا اور اس کی مستقل بندش کا اعلان 26 اگست 2026 کو کیا گیا۔

شیئر کریں: f 𝕏 ✆ ✈ 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں