جاپان میں ایک ہزار افراد نے تاریخی محل کو رسوں سے کھینچ کر دوسری جگہ منتقل کر دیا

جاپان میں ایک ہزار افراد نے تاریخی محل کو رسوں سے کھینچ کر دوسری جگہ منتقل کر دیا
ہیروساکی: جاپان کے شمالی علاقے اوموری پریفیکچر میں تقریباً ایک ہزار افراد نے 400 ٹن وزنی تاریخی ہیروساکی محل کو رسوں کی مدد سے کھینچ کر تقریباً ایک میٹر دوسری جگہ منتقل کردیا۔
کیوڈو نیوز کی رپورٹ کے مطابق 23 اگست کو ہونے والی اس منفرد سرگرمی میں قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کیے گئے تقریباً ایک ہزار افراد نے مختلف گروپس میں تقسیم ہو کر رسوں کی مدد سے محل کو کھینچا۔ مجموعی طور پر اگست کے دوران تقریباً 4 ہزار افراد کو اس سرگرمی میں شرکت کا موقع دیا جا رہا ہے۔
ہیروساکی محل کو 2015 میں پتھریلی دیواروں کی مرمت کے لیے اس کی اصل جگہ سے تقریباً 78 میٹر دور منتقل کیا گیا تھا۔ دیواروں کی مرمت مکمل ہونے کے بعد اب محل کو مرحلہ وار دوبارہ اس کے اصل مقام پر واپس لایا جا رہا ہے۔
منصوبے کے تحت عوامی شرکت کے ذریعے محل کو مجموعی طور پر تقریباً 5 میٹر واپس منتقل کیا جائے گا، جبکہ باقی فاصلہ جدید تکنیکی ذرائع کی مدد سے طے کیا جائے گا۔ محل کو سال 2026 کے اختتام تک اس کے اصل مقام پر واپس پہنچانے کا منصوبہ ہے۔
جاپانی حکام کے مطابق تاریخی محل کی منتقلی کا مقصد نہ صرف پتھریلی دیواروں کی مرمت اور تحفظ ہے بلکہ اس منفرد عمل میں مقامی شہریوں کو بھی شامل کرنا ہے، تاکہ وہ اپنے تاریخی ورثے کے تحفظ میں براہ راست شریک ہوسکیں۔
ہیروساکی محل جاپان کے اہم تاریخی مقامات میں شمار ہوتا ہے اور اس کا مرکزی مینار ملک کے محفوظ تاریخی میناروں میں شامل ہے۔