مرکزی مواد پر جائیں
⛅ اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
قومی

عالمی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات متعارف کرانے میں چن ون گروپ کا کردار انتہائی اہم ہے، چودھری محمد اشفاق

لاہور، 24:-ستمبر: چن ون گروپ کے چیئرمین چودھری محمد اشفاق نے کہا ہے کہ چن ون گروپ اعلیٰ معیار کی پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ معاشرے کے محروم طبقات کی فلاح و بہبود کیلئے بھی نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے۔ وہ جمعرات کو چیف ایگزیکٹو آفیسر چن ون گروپ میاں کاشف اشفاق کو تمغہ امتیاز ملنے کی خوشی میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چن ون گروپ نے جدید کارڈیالوجی اور لیور ٹرانسپلانٹ سہولیات، جدید تشخیصی لیبارٹریاں اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں خواتین کو ہنر مند بنانے کیلئے مفت سلائی مراکز قائم کیے ہیں، جبکہ ہزاروں بے روزگار نوجوانوں کو وظائف اور روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے جا رہے ہیں۔ چودھری محمد اشفاق نے کہا کہ چن ون نے فرنیچر اور گارمنٹس کے شعبوں میں جدید اور اختراعی ڈیزائن متعارف کرا کے عالمی منڈیوں میں اپنی ساکھ قائم کی ہے، جس سے پاکستان کی صنعتی پیداوار اور برآمدی صلاحیت کو فروغ ملا ہے۔ تقریب کی صدارت سابق کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل (ر) غلام مصطفیٰ نے کی۔ انہوں نے کہا کہ مکہ معاہدہ خطے کے سکیورٹی کوریڈور کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا جبکہ سعودی عرب ابھرتی ہوئی علاقائی اسٹریٹجک شراکت داری میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) غلام مصطفیٰ نے کہا کہ پاکستان پائیدار امن کے عزم پر قائم ہے تاہم اپنی قومی سلامتی کے مفادات کا بھی بھرپور تحفظ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا، اسرائیل اور ایران کے تنازع کے بعد خطے میں ایک نیا عالمی نظام تشکیل پا رہا ہے، جس پر پاکستان گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اس کے ممکنہ اثرات سے پوری طرح آگاہ ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ چن ون اور پاکستان فرنیچر کونسل جدید کاری، جدت اور عالمی معیار سے ہم آہنگ مصنوعات کی تیاری کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ چن ون لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف فیشن ڈیزائن اور یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس سمیت معروف جامعات کے ہزاروں طلبہ کو انٹرن شپ اور عملی تربیت کے مواقع بھی فراہم کر رہا ہے تاکہ نوجوان عالمی معیار کے جدید ڈیزائن اور متعلقہ شعبوں میں عملی مہارت حاصل کر سکیں۔ تقریب میں چیئرمین ڈسکور پاکستان ڈاکٹر قیصر رفیق اور ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے گلوبل بزنس ڈویلپمنٹ لیڈر میاں طارق جاوید نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ بعد ازاں ارائیں لومینریز کلب کے بانی و شریک بانی ڈاکٹر وقار چوہدری ارائیں اور میاں فیض بخش نے میاں کاشف اشفاق کو خصوصی یادگاری شیلڈ پیش کی۔

شیئر کریں: f 𝕏 ✆ ✈ 🔗
تحقیقاتی صحافی

hanif saabir

اپنی رائے دیں