مرکزی مواد پر جائیں
⛅ اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
قومی

مریم نواز کو وزیر اعظم بننا چاہیے، میرے اور ان کے درمیان کوئی فاصلہ نہیں، انہیں ڈسٹرب نہیں کرنا چاہیے، کیپٹن (ر) صفدر

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا ہے کہ وہ آج بھی مریم نواز کو پاکستان کی وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں کیونکہ ان کے خیال میں مریم نواز ملک کو ڈلیور کرسکتی ہیں۔

ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ مریم نواز کی تربیت ان کے والدین نے کی ہے اور انہیں یقین ہے کہ وہ ذمہ داریاں نبھانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے بھی ووٹ دیا تھا کہ مریم نواز وزیر اعظم بنیں، اس وقت مجھے مایوسی ہوئی تھی، لیکن آج معلوم ہوگیا ہے کہ جس طرح مریم نواز نے پنجاب کو سجا دیا ہے، وہ پاکستان کو بھی سجا سکتی ہیں۔

کیپٹن (ر) صفدر نے بتایا کہ عام انتخابات کے بعد مریم نواز نے انہیں پیغام بھیجا تھا کہ پارلیمانی پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ بنیں گی۔ ان کے مطابق انہوں نے مریم نواز کو مبارک باد دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ میرے اور مریم نواز کے درمیان کوئی فاصلہ نہیں، ان کا وقت بہت قیمتی ہے اور انہیں اپنی ذمہ داریوں پر توجہ مرکوز رکھنے کی ضرورت ہے۔

کیپٹن (ر) صفدر نے مریم نواز کے روزمرہ معمول کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ رات تقریباً 9 بجے سو جاتی ہیں اور صبح 8 بجے دفتر پہنچ جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو ڈسٹرب نہیں کرنا چاہیے کیونکہ اللہ نے انہیں ایک موقع دیا ہے اور یہ ان کے لیے امتحان کا وقت ہے۔

انہوں نے مریم نواز کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں ہونے والے ترقیاتی اور انتظامی کاموں سے انہیں یہ یقین ہوا ہے کہ اگر مریم نواز کو قومی سطح پر ذمہ داری دی جائے تو وہ ملک کے لیے بھی کام کرسکتی ہیں۔

کیپٹن (ر) صفدر کے بیان میں مریم نواز کو مستقبل میں وزارت عظمیٰ کے منصب پر دیکھنے کی خواہش نمایاں طور پر سامنے آئی ہے۔

ٹیگز: • • •
شیئر کریں: f 𝕏 ✆ ✈ 🔗
تحقیقاتی صحافی

hanif saabir

اپنی رائے دیں