مرکزی مواد پر جائیں
⛅ اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
قومی

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل پاکستان کے دورے پر روانہ، اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے

نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پہلے سے طے شدہ دورے پر پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے ہیں اور منگل کی صبح پاکستان پہنچنے کی توقع ہے۔ دورے کے دوران وہ اسلام آباد میں اعلیٰ حکومتی حکام سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور صدر مملکت آصف علی زرداری شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفان دوجارک نے نیویارک میں بریفنگ کے دوران بتایا کہ سیکرٹری جنرل 2022 کے بعد ایک بار پھر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے 2022 میں پاکستان کے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔

ترجمان کے مطابق اس مرتبہ سیکرٹری جنرل نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا بھی دورہ کریں گے، جہاں وہ سیلاب کے بعد آفات سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی تیاری اور موسمیاتی و قدرتی آفات کے مقابلے میں لچک بڑھانے کے لیے کی جانے والی پیش رفت کا خود مشاہدہ کریں گے۔

انتونیو گوتریس اسلام آباد میں اقوام متحدہ کے ملٹری آبزرور گروپ برائے بھارت و پاکستان (یو این ایم او جی آئی پی) کے ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کریں گے۔

ترجمان نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان کی سفارتی اور ثالثی کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا، خصوصاً امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے تعمیری کردار اور دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کے عمل میں معاونت کی کوششوں پر گفتگو ہوگی۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل جمعرات کو نیویارک واپس پہنچنے کی توقع ہے۔

شیئر کریں: f 𝕏 ✆ ✈ 🔗
تحقیقاتی صحافی

hanif saabir

اپنی رائے دیں