پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 62 پیسے اور موٹر اسپرٹ (پیٹرول) کی قیمت میں 4 روپے 40 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا ہے۔ نئی قیمتوں کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل 378 روپے 66 پیسے جبکہ پیٹرول 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر فروخت ہوگا۔ نئی قیمتوں کا اطلاق آج (جمعرات) رات 12 بجے سے ہوگا۔ یہ اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک بھر میں پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ عوام کی قوت خرید کو شدید متاثر کر رہا ہے۔ تازہ اضافے کے بعد صرف یکم جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں مجموعی طور پر 24 روپے 40 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 38 روپے 62 پیسے فی لیٹر مہنگا ہو چکا ہے۔ اگر گزشتہ صرف 24 دنوں کے دوران ہونے والے تمام اضافوں کو دیکھا جائے تو عوام پر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 63 روپے سے زائد کا اضافی مالی بوجھ پڑ چکا ہے، جس کے اثرات اب ٹرانسپورٹ، زرعی شعبے، صنعت اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں مزید اضافے کی صورت میں سامنے آنے کا امکان ہے۔
جولائی میں قیمتوں میں ردوبدل کی تفصیل
11 جولائی: پیٹرول 13.18 روپے، ڈیزل 13.80 روپے فی لیٹر مہنگا۔ 18 جولائی: پیٹرول 5.44 روپے، ڈیزل 31.05 روپے فی لیٹر مہنگا۔ 22 جولائی: پیٹرول 4.93 روپے، ڈیزل 7.15 روپے فی لیٹر مہنگا۔ 24 جولائی: پیٹرول 4.40 روپے، ڈیزل 3.62 روپے فی لیٹر مزید مہنگا۔ ماہرین معاشیات کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کا براہ راست اثر مال برداری، زرعی لاگت، تعمیراتی سرگرمیوں اور اشیائے ضروریہ کی ترسیل پر پڑے گا، جس سے آئندہ ہفتوں میں مہنگائی کی ایک نئی لہر آنے کا خدشہ ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، درآمدی لاگت، پریمیم اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث قیمتوں میں ردوبدل کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے حال ہی میں عالمی مارکیٹ سے ہم آہنگی کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار بھی مزید متحرک بنایا ہے تاکہ بین الاقوامی قیمتوں میں تبدیلیوں کا فوری اثر مقامی مارکیٹ میں منتقل کیا جا سکے۔ دوسری جانب عوامی حلقوں، ٹرانسپورٹرز اور تاجروں نے مسلسل اضافوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے پیٹرولیم لیوی اور دیگر ٹیکسوں میں کمی کی جائے، کیونکہ مسلسل بڑھتی ہوئی ایندھن کی قیمتیں مہنگائی کے طوفان کو مزید تیز کر رہی ہیں۔