امریکا: وفاقی وزیر عمران احمد شاہ کا زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ کا دورہ، غربت کے خاتمے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

امریکا: وفاقی وزیر عمران احمد شاہ کا زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ کا دورہ، غربت کے خاتمے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
شکاگو، 31 جولائی: وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ پیر سید عمران احمد شاہ نے پاکستان کے قونصل جنرل شکاگو زمان مہدی کے ہمراہ زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا، جہاں فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خلیل دمیر، ایڈوائزر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ فرخ رضا اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ کی جانب سے وفاقی وزیر کو ادارے کی عالمی فلاحی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ایک دستاویزی فلم کے ذریعے بتایا گیا کہ فاؤنڈیشن دنیا کے 40 سے زائد ممالک میں یتیم بچوں کی کفالت، قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کی امداد، تعلیم سے محروم بچوں کی معاونت، صاف پانی کی فراہمی، ہنر مندی کی تربیت، بحالی اور ذہنی صحت سمیت مختلف شعبوں میں انسانی خدمت انجام دے رہی ہے۔
وفاقی وزیر پیر سید عمران احمد شاہ نے ترک ثقافتی تہوار میں شرکت کی دعوت پر زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ادارے کی عالمی سطح پر فلاحی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں غربت کے خاتمے، تعلیم، صحت اور سماجی بہبود کے شعبوں میں فاؤنڈیشن کے کردار کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔
انہوں نے اپنی وزارت کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق وزارتِ تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ ملک بھر میں مستحق خاندانوں کی معاونت کے لیے مختلف سماجی تحفظ پروگراموں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP)، پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ (PPAF)، پاکستان بیت المال اور ٹی وی او (TVO) غربت کے خاتمے، مالی معاونت، ہنر مندی، صحت، تعلیم اور سماجی بہبود کے متعدد منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح مستحق افراد کو علاج، معیاری تعلیم، روزگار اور سماجی تحفظ کی سہولتیں ان کی دہلیز تک پہنچانا ہے تاکہ انہیں بااختیار بنایا جا سکے اور پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
ملاقات کے دوران دونوں فریقوں نے پاکستان میں غربت کے خاتمے، انسانی ترقی اور سماجی بہبود کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر نے زکوٰۃ فاؤنڈیشن آف امریکہ کی قیادت کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی تاکہ مشترکہ فلاحی منصوبوں اور شراکت داری کے مزید امکانات کا جائزہ لیا جا سکے۔
دورے کے موقع پر شکاگو میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ممتاز شخصیات بھی موجود تھیں، جنہوں نے پاکستان میں سماجی ترقی اور فلاحی منصوبوں کے فروغ کے لیے حکومت اور فلاحی اداروں کے درمیان تعاون کو خوش آئند قرار دیا۔