یوم استحصال کشمیر کے موقع پر برسلز میں پاکستانی سفارتخانے میں تصویری نمائش کا افتتاح

یوم استحصال کشمیر کے موقع پر برسلز میں پاکستانی سفارتخانے میں تصویری نمائش کا افتتاح
برسلز: یوم استحصال کشمیر کے موقع پر پاکستان کے سفارتخانے برسلز میں ایک ہفتہ جاری رہنے والی تصویری نمائش کا افتتاح کیا گیا، جس کا مقصد بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو اجاگر کرنا اور کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔
نمائش میں گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کو درپیش مشکلات، بالخصوص 5 اگست 2019 کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال، انسانی بحران اور مسلسل عائد پابندیوں کو تصاویر اور دستاویزی مواد کے ذریعے پیش کیا گیا ہے۔
نمائش کا مقصد زائرین کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کرنا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے پرامن حل کی ضرورت کو اجاگر کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بیلجیئم میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے کہا کہ یوم استحصال کشمیر، جموں و کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی اور انہیں یاد رکھنے کا دن ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی اصولی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔
سفیر نے کہا کہ بین الاقوامی قانون اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں دیرپا امن اور استحکام کا قیام ممکن نہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے۔
یہ تصویری نمائش ایک ہفتے تک پاکستان کے سفارتخانے برسلز میں جاری رہے گی اور کشمیری عوام کی ثابت قدمی اور حق خودارادیت کی جدوجہد کے ساتھ پاکستان کی مستقل یکجہتی کی یاد تازہ کرتی رہے گی۔