ٹیلی نار پاکستان کے بعد پی ٹی سی ایل نے ڈیجیٹل والٹ کی خریداری پر نظریں جما لیں

ٹیلی نار پاکستان کے بعد پی ٹی سی ایل نے ڈیجیٹل والٹ کی خریداری پر نظریں جما لیں
*اسلام آباد:* ٹیلی نار پاکستان کے حصول کے بعد پی ٹی سی ایل نے ایک معروف ڈیجیٹل والٹ کمپنی کے اکثریتی حصص خریدنے پر نظریں جما لیں، بورڈ نے ٹارگٹ کمپنی کے اکثریتی حصص کے حصول کے لیے بائنڈنگ آفر دینے کی منظوری دے دی۔
بزنس ریکارڈر کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (PTCL) نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بتایا ہے کہ اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایک نامعلوم ٹارگٹ کمپنی کے اکثریتی حصص حاصل کرنے کے لیے بائنڈنگ آفر جمع کرانے کی منظوری دی ہے۔
کمپنی کے مطابق مجوزہ ٹرانزیکشن کی تکمیل سے قبل ڈیو ڈیلیجنس، کامیاب مذاکرات، متعلقہ ریگولیٹری منظوریوں اور حتمی معاہدوں پر دستخط سمیت متعدد مراحل مکمل کرنا ہوں گے۔
اگرچہ پی ٹی سی ایل نے ٹارگٹ کمپنی کا نام ظاہر نہیں کیا، تاہم مارکیٹ ذرائع میں قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ یہ ایک معروف ڈیجیٹل والٹ کمپنی ہو سکتی ہے۔
پی ٹی سی ایل کی جانب سے یہ پیش رفت ٹیلی نار پاکستان کے حصول کے بعد سامنے آئی ہے، جس سے کمپنی کی ٹیلی کام کے ساتھ ساتھ ڈیجیٹل مالیاتی اور فن ٹیک شعبے میں توسیع کی حکمت عملی کی عکاسی ہوتی ہے۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ مجوزہ ٹرانزیکشن ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور اس کی تکمیل ڈیو ڈیلیجنس، مذاکرات اور متعلقہ ریگولیٹری منظوریوں سے مشروط ہوگی۔ حتمی معاہدے طے پانے تک ٹرانزیکشن کی شرائط میں تبدیلی بھی ممکن ہے۔
پی ٹی سی ایل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مجوزہ ڈیل کے حوالے سے کسی بھی اہم پیش رفت سے مارکیٹ کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔
اگر یہ ڈیل مکمل ہوجاتی ہے تو پاکستان کے ٹیلی کام اور ڈیجیٹل مالیاتی شعبوں میں ایک اہم کاروباری پیش رفت ہوگی اور پی ٹی سی ایل کے ڈیجیٹل سروسز کے شعبے میں قدم مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔