مرکزی مواد پر جائیں
اسلام آباد --°
--:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

پاکستان کسٹمز اور ازبکستان میں ڈیجیٹل کسٹمز تعاون مزید وسعت دینے پر اتفاق

پاکستان کسٹمز اور ازبکستان میں ڈیجیٹل کسٹمز تعاون مزید وسعت دینے پر اتفاق

پاکستان کسٹمز اور ازبکستان میں ڈیجیٹل کسٹمز تعاون مزید وسعت دینے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان کسٹمز نے ازبکستان کے شہر تاشقند میں منعقدہ اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسداد منشیات و جرائم (UNODC) اور عالمی کسٹمز تنظیم (WCO) کے 11ویں پالیسی سطح کے اجلاس برائے پیسنجر اینڈ کارگو کنٹرول پروگرام (PCCP/IREN) میں شرکت کرتے ہوئے علاقائی کسٹمز تعاون کے فروغ اور ڈیجیٹل شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت ممبر کسٹمز (آپریشنز) سید شکیل شاہ نے کی، جبکہ ڈائریکٹر جنرل ریفارمز اینڈ آٹومیشن پاکستان کسٹمز محمد عمران خان مہمند بھی وفد میں شامل تھے۔

اجلاس میں خطے کے مختلف ممالک کے سینئر کسٹمز حکام نے محفوظ، جدید اور ٹیکنالوجی پر مبنی تجارتی سہولت کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر آتھرائزڈ اکنامک آپریٹر (AEO) پروگرامز کی باہمی منظوری، ریگولیٹری دستاویزات کی باہمی تسلیم، مصنوعی ذہانت پر مبنی رسک مینجمنٹ، ڈیٹا اینالیٹکس کے استعمال اور جائز تجارت کو فروغ دیتے ہوئے سرحد پار غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے سرکاری و نجی شعبوں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اجلاس کے دوران شریک ممالک نے ان ترجیحی شعبوں میں مسودہ پروٹوکول تیار کرنے کے لیے خصوصی تکنیکی ورکنگ گروپس قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا، جس کا مقصد ڈیجیٹل انضمام، ریگولیٹری تعاون اور علاقائی تجارت و ٹرانزٹ کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

اجلاس کے موقع پر پاکستانی وفد نے ازبکستان کی کسٹمز کمیٹی کے فرسٹ ڈپٹی چیئرمین سے بھی ملاقات کی، جس میں نیشنل ٹارگٹنگ سینٹرز، ٹرانزٹ کارگو ٹریکنگ، مصنوعی ذہانت اور مشین لرننگ پر مبنی رسک مینجمنٹ، کسٹمز ڈیجیٹلائزیشن، انٹیلی جنس پر مبنی انفورسمنٹ اور کسٹمز معلومات کے تبادلے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ممبر کسٹمز (آپریشنز) سید شکیل شاہ نے بتایا کہ ازبکستان پہلا ملک ہے جس کے ساتھ پاکستان نے پاکستان سنگل ونڈو (PSW) کے ذریعے درآمدات اور برآمدات دونوں کے لیے پیشگی کسٹمز معلومات کے تبادلے کا نظام قائم کیا ہے۔ دونوں ممالک نے اس ڈیجیٹل تعاون کو ٹرانزٹ تجارت سے متعلق معلومات کے تبادلے تک توسیع دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لینے پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی، بہتر ڈیجیٹل رابطے، مربوط سرحدی انتظام اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے کے ذریعے دوطرفہ کسٹمز تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، جس سے سپلائی چین کی سکیورٹی، جائز تجارت اور علاقائی اقتصادی انضمام کو فروغ ملے گا۔

شیئر کریں: f 𝕏 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں