غذائی تحفظ کے لیے ملک بھر میں جدید ہائی ٹیک گودام (سائلوز) قائم کیے جائیں، سیف الرحمٰن

غذائی تحفظ کے لیے ملک بھر میں جدید ہائی ٹیک گودام (سائلوز) قائم کیے جائیں، سیف الرحمٰن
لاہور (نمائندہ خصوصی): وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمٰن نے کہا ہے کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے اور فصلوں کی کٹائی کے بعد ہونے والے اربوں روپے کے نقصانات سے بچنے کے لیے ملک بھر میں جدید ہائی ٹیک سائلوز (گوداموں) کا قیام ناگزیر ہے۔
اتوار کو کاشتکاروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود پاکستان ناقص ذخیرہ، غیر معیاری ہینڈلنگ اور فرسودہ طریقوں کے باعث قیمتی زرعی اجناس کے ضیاع کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ گندم، چاول، مکئی اور دیگر زرعی اجناس کو محفوظ رکھنے کے لیے ایسے جدید سائلوز کی ضرورت ہے جو درجہ حرارت اور نمی پر کنٹرول، خودکار نگرانی اور جدید فیومیگیشن نظام سے لیس ہوں۔
سیف الرحمٰن نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر زور دیا کہ جدید ذخیرہ گاہوں کے قیام کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جامع حکمت عملی اختیار کی جائے، جبکہ بینکوں اور مالیاتی اداروں کو اس شعبے میں طویل المدتی اور آسان قرضوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جدید ذخیرہ گاہوں کے قیام سے فصلوں کے بعد ہونے والے نقصانات میں نمایاں کمی آئے گی، غذائی تحفظ مضبوط ہوگا، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا اور ملک کی زرعی سپلائی چین مزید مستحکم ہو سکے گی۔