مرکزی مواد پر جائیں
اسلام آباد --°
--:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

آزاد کشمیر الیکشن دوسرا مرحلہ، مسلم لیگ (ن) 12, پیپلز پارٹی 4 نشتیں

آزاد کشمیر الیکشن دوسرا مرحلہ، مسلم لیگ (ن) 12, پیپلز پارٹی 4 نشتیں

آزاد کشمیر الیکشن دوسرا مرحلہ، مسلم لیگ (ن) 12, پیپلز پارٹی 4 نشتیں

مظفرآباد (نمائندہ خصوصی): آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی آٹھ اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر ہونے والی پولنگ میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نمایاں برتری حاصل کر لی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی بھی متعدد اہم نشستوں پر کامیاب رہی۔ رات گئے تک موصول ہونے والے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے 12 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی چار نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی۔ چند حلقوں کے نتائج تاخیر کا شکار رہے اور بعض مقامات پر پولنگ بھی ملتوی کر دی گئی۔

مظفرآباد ڈویژن کے آٹھ حلقوں میں صبح آٹھ بجے سے شام چھ بجے تک پولنگ جاری رہی، تاہم خراب موسم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث حلقہ ایل اے-28 مظفرآباد 2 لچھراٹ کے متعدد پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ ملتوی کر دی گئی۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق نوسیری، نوسدہ، پنجگراں، دیولیاں اور پنجکوٹ کے بعض پولنگ اسٹیشنوں پر انتخابی عملہ اور پولنگ سامان نہ پہنچنے کے باعث پولنگ 4 اگست تک مؤخر کر دی گئی، جبکہ متعلقہ پولنگ بیگز واپس ریٹرننگ افسر کے پاس جمع کرا دیے گئے۔

غیر سرکاری نتائج کے مطابق حلقہ ایل اے-25 نیلم ویلی 1 سے مسلم لیگ (ن) کے شاہ غلام قادر کامیاب قرار پائے، جبکہ سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس تیسرے نمبر پر رہے۔ ایل اے-26 نیلم ویلی 2 میں ابتدائی نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے میاں عبدالوحید کو برتری حاصل رہی۔ ایل اے-27 میں پولنگ ملتوی کر دی گئی، جبکہ ایل اے-28 میں بعض پولنگ اسٹیشنوں پر ووٹنگ نہ ہونے کے باعث مکمل نتیجہ سامنے نہ آ سکا، تاہم ابتدائی نتائج میں پیپلز پارٹی کے امیدوار آگے رہے۔

حلقہ ایل اے-29 مظفرآباد سے پاکستان پیپلز پارٹی کے سردار مختار کامیاب ہوئے، جبکہ ایل اے-30 سے مسلم لیگ (ن) کے مصطفیٰ بشیر عباسی، ایل اے-32 سے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور ایل اے-33 سے پیپلز پارٹی کے دیوان علی قمر چغتائی نے کامیابی حاصل کی۔ ایل اے-31 میں بھی مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو برتری حاصل رہی۔

مہاجرین کی نشستوں پر بھی مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کی۔ ایل اے-34 جموں ون، ایل اے-35 جموں ٹو، ایل اے-36 جموں تھری، ایل اے-37 جموں فور، ایل اے-38 جموں فائیو، ایل اے-39 جموں سکس، ایل اے-41 کشمیر ویلی ٹو، ایل اے-42 کشمیر ویلی تھری، ایل اے-43 کشمیر ویلی فور اور ایل اے-44 کشمیر ویلی فائیو میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کامیاب قرار پائے۔

دوسری جانب ایل اے-40 کشمیر ویلی ون اور ایل اے-45 کشمیر ویلی سکس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب ہوئے۔

انتخابی عمل کے دوران بعض حلقوں میں خراب موسم، لینڈ سلائیڈنگ اور انتخابی سامان بروقت نہ پہنچنے کے باعث ووٹنگ متاثر ہوئی، جبکہ کئی حلقوں کے نتائج رات گئے تک موصول ہوتے رہے۔

دوسرے مرحلے کے غیر حتمی نتائج کے بعد مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر اسمبلی میں مضبوط پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب دکھائی دے رہی ہے، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی کئی اہم نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے اپنی سیاسی موجودگی برقرار رکھی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے حتمی اور سرکاری نتائج جاری کیے جانے کا عمل جاری ہے۔

شیئر کریں: f 𝕏 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں