یوسف رضا گیلانی سے راجہ پرویز اشرف کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

یوسف رضا گیلانی سے راجہ پرویز اشرف کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما راجہ پرویز اشرف نے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور، قومی مفاد سے متعلق اہم معاملات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے ملک میں جمہوری اقدار کے استحکام، پارلیمانی اداروں کی مضبوطی، آئین کی بالادستی اور قومی یکجہتی کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قومی مسائل کے حل اور ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی قوتوں کے درمیان مثبت اور تعمیری مکالمہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پارلیمنٹ جمہوری نظام کا محور ہے اور قومی معاملات پر اتفاقِ رائے پیدا کرنے میں اس کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سینیٹ کو ایک مؤثر، فعال اور جامع ایوان کے طور پر مزید مضبوط بنانے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت اور تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
راجہ پرویز اشرف نے پارلیمانی روایات کے فروغ اور قومی مفاد میں سیاسی ہم آہنگی کے لیے چیئرمین سینیٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مضبوط جمہوری ادارے ہی ملک کی سیاسی و معاشی ترقی کی ضمانت ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ قومی مفاد کو ہمیشہ سیاسی اختلافات پر ترجیح دی جانی چاہیے۔