آزاد کشمیر کے عوام نے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کر دیا، شہباز شریف

آزاد کشمیر کے عوام نے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کر دیا، شہباز شریف
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے دوسرے مرحلے میں برتری حاصل کرنے پر مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف اور کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے تمام کامیاب امیدوار مبارکباد کے مستحق ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ یہ کامیابی قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی قیادت، پارٹی کی مؤثر حکمت عملی اور کارکنوں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ ان کے بقول آزاد کشمیر میں پارٹی نے ایک منظم اور کامیاب انتخابی مہم چلائی، جس پر عوام نے اعتماد کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود مسلم لیگ (ن) کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت اس مقصد کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ انتخابات کے دوسرے مرحلے میں مختلف سیاسی جماعتوں کی بھرپور شرکت جمہوری عمل کے استحکام کی علامت ہے اور اس سے ملک میں جمہوری روایات مزید مضبوط ہوں گی۔