ہیوی آئل کی پیداوار بڑھانے کے لیے او جی ڈی سی کا کینیڈین کمپنی سے معاہدہ

ہیوی آئل کی پیداوار بڑھانے کے لیے او جی ڈی سی کا کینیڈین کمپنی سے معاہدہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے پاکستان کے ہیوی کروڈ آئل فیلڈز سے پیداوار میں اضافے کے لیے کینیڈا کی کمپنی سائنرجیٹک آئل ٹولز انکارپوریٹڈ کے ساتھ جدید “پیسِو انرجی ٹول” ٹیکنالوجی کے استعمال کا معاہدہ کر لیا ہے۔

او جی ڈی سی ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ تقریب میں پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے، جبکہ او جی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر و چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد حیات لک بھی موجود تھے۔ سائنرجیٹک آئل ٹولز انکارپوریٹڈ کے صدر اور سی ای او برائن ہرمن نے تقریب میں ورچوئل شرکت کی۔
معاہدے کے تحت کینیڈین کمپنی او جی ڈی سی کے ہیوی آئل کنوؤں میں جدید فلو ایشورنس ٹیکنالوجی متعارف کرائے گی، جس کا مقصد زیادہ گاڑھے خام تیل کے بہاؤ کو بہتر بنانا، کنوؤں کی پیداواری استعداد میں اضافہ، ورک اوورز اور کنوؤں کی بندش کے دورانیے میں کمی، آپریٹنگ اخراجات کم کرنا اور پیداواری کیمیکلز کے استعمال کو محدود کرنا ہے۔

اس موقع پر احمد حیات لک نے کہا کہ یہ شراکت داری ہیوی آئل ذخائر سے پیداوار بڑھانے کے لیے جدید عالمی ٹیکنالوجی اپنانے کے او جی ڈی سی کے عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی پرانے اور تکنیکی طور پر پیچیدہ آئل فیلڈز سے زیادہ سے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لیے عالمی ٹیکنالوجی فراہم کنندگان کے ساتھ تعاون کو فروغ دے رہی ہے۔ ان کے مطابق نئی ٹیکنالوجی سے پیداواری کارکردگی بہتر ہوگی، ورک اوورز کی ضرورت کم ہوگی اور آپریٹنگ اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی۔
کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے توانائی اور اہم معدنیات کے شعبوں میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس جدید ٹیکنالوجی سے پاکستان کے اپ اسٹریم آئل سیکٹر کی ترقی اور مقامی تیل کی پیداوار میں اضافے میں مدد ملے گی۔
او جی ڈی سی کے مطابق یہ معاہدہ جدید ٹیکنالوجی، بین الاقوامی شراکت داری اور آپریشنل استعداد میں بہتری کے ذریعے پاکستان کے تیل و گیس کے شعبے کی پائیدار ترقی کے لیے کمپنی کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔