آر ٹی او گوجرانوالہ کا چھوٹے دکانداروں اور تاجروں کے لیے آن لائن سیمینار

آر ٹی او گوجرانوالہ کا چھوٹے دکانداروں اور تاجروں کے لیے آن لائن سیمینار
گوجرانوالہ( شجاع الدین مغل) ریجنل ٹیکس آفس (آر ٹی او) گوجرانوالہ نے ایف بی آر کے تعاون سے چھوٹے دکانداروں اور تاجروں کو نئی ٹیکس سکیم سے آگاہ کرنے کے لیے آن لائن سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار میں سکیم کے اصول، فوائد، طریقہ کار اور مختلف ماڈیولز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین ایف بی آر، ممبر سٹریٹجک ٹرانسفارمیشن، ممبر آئی آر آپریشنز اور تاجر برادری کے نمائندوں نے خطاب کرتے ہوئے سکیم کے مقاصد اور نمایاں خصوصیات پر روشنی ڈالی۔ ایف بی آر حکام نے دستاویزات کی تکمیل، بروقت گوشوارے جمع کرانے اور مقررہ شرائط پر عمل درآمد کی اہمیت اجاگر کی۔
آر ٹی او گوجرانوالہ کے کانفرنس روم اور بار روم میں تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے سیمینار میں شرکت کی، جبکہ کامونکی، وزیر آباد، حافظ آباد اور پنڈی بھٹیاں کے ذیلی دفاتر میں بھی آن لائن شرکت کے انتظامات کیے گئے تھے۔

کمشنر آئی آر علی عدنان، ایڈیشنل کمشنر ہیڈکوارٹرز رفعت عزیز، ایڈیشنل کمشنر آئی آر تحسین صادق تارڑ اور دیگر افسران نے مقامی تاجر نمائندوں کے ہمراہ ورچوئل سیشن میں شرکت کی۔ تاجروں نے سکیم کے اجرا کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے چھوٹے کاروباروں کو سہولت ملنے اور غیر رسمی شعبے کو دستاویزی معیشت کا حصہ بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
سیمینار کے اختتام پر سوال و جواب کا سیشن ہوا، جس میں ایف بی آر حکام نے تاجروں کے سوالات کے جوابات دیے اور سکیم کے مختلف پہلوؤں کی وضاحت کی۔ آر ٹی او گوجرانوالہ حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تاجر برادری کی رہنمائی اور سہولت کے لیے آگاہی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔