اسلام آباد پر دھاوا نہیں چلے گا, پی ٹی آئی آئے اور ملک 10، 20 دن بند ہو جائے، اب ایسا نہیں ہوگا: محسن نقوی

لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ سے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب ایسا نہیں ہوگا کہ پی ٹی آئی والے آئیں اور ملک 10، 20 دن کے لیے بند ہوجائے، اس بار مستقل لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد پر دھاوا نہیں چلنے دیا جائے گا، پی ٹی آئی کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ ایسی بند گلی میں نہ جائے جہاں سے واپسی کا راستہ نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی نے لانگ مارچ کیا تو اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر من و عن عملدرآمد کرایا جائے گا، جبکہ حکومت کے پاس موجود تمام قانونی آپشنز پر صورتحال کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔
پیٹرول کی قیمتوں سے متعلق وزیر داخلہ نے کہا کہ موجودہ عالمی صورتحال کے پیش نظر ایسا وقت بھی آسکتا ہے کہ ایک ہزار روپے میں بھی پیٹرول دستیاب نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ کئی ممالک میں پیٹرول دستیاب نہیں، جبکہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمت عالمی مارکیٹ کے اتار چڑھاؤ کے مطابق بڑھتی ہے۔
خیبر پختونخوا کی صورتحال پر محسن نقوی نے کہا کہ صوبے میں جو حالات ہیں وہ سب کے سامنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ ایسا راستہ اختیار نہ کرے جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو۔
نئے صوبوں کے قیام سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ پُرامید ہیں کہ نئے صوبے ضرور بنیں گے اور اس معاملے پر پیش رفت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔
افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ جب تک افغانستان دہشت گردوں کو نہیں روکے گا، پاکستان کے ساتھ تعلقات معمول پر نہیں آسکتے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار مسئلے کا مستقل حل نکالنے کی کوشش کی جائے گی، کیونکہ پاکستان بار بار ایسی صورتحال کا متحمل نہیں ہوسکتا۔