افغانستان سے آنے والے 8 ڈرونز پاک فوج کے فضائی دفاعی نظام نے مار گرائے، سکیورٹی ذرائع

راولپنڈی: سکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان سمت سے پاکستان میں داخل ہونے والے 8 ڈرونز کو پاک فوج کے فعال فضائی دفاعی نظام نے مار گرایا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 4 ڈرونز طورخم سرحد سے ملحقہ علاقوں جبکہ مزید 4 ڈرونز کوہاٹ سے متصل سرحدی پہاڑی علاقوں میں گرائے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق افواج پاکستان اور پاک فضائیہ نے عوامی مقامات کو نشانہ بنانے کی مبینہ کوشش ناکام بنا دی، جبکہ ڈرونز کی دراندازی کے ذریعے پیدا کیے جانے والے ممکنہ خطرے کو بروقت کارروائی کرتے ہوئے ختم کیا گیا۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈرونز کی یہ دراندازی افغان طالبان کی جانب سے دہشت گرد عناصر کی معاونت اور سرپرستی کا ایک اور ثبوت ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج ملکی فضائی حدود اور سرحدوں کے دفاع کے لیے مکمل طور پر چوکس ہیں اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔