امریکہ کے نئے ویزا بانڈ پروگرام میں پاکستان شامل نہیں

امریکہ کے نئے ویزا بانڈ پروگرام میں پاکستان شامل نہیں
واشنگٹن (نمائندہ خصوصی): امریکہ نے غیر ملکی شہریوں کے لیے وزیٹر ویزا بانڈ پروگرام کو مستقل بنیادوں پر نافذ کر دیا ہے، تاہم پاکستان ان 50 ممالک میں شامل نہیں جن کے شہریوں پر یہ نئی شرط لاگو ہوگی۔
نئی امریکی پالیسی کے تحت منتخب ممالک کے بعض درخواست گزاروں کو کاروباری (B-1) یا سیاحتی (B-2) ویزا کے اجرا سے قبل زیادہ سے زیادہ 20 ہزار امریکی ڈالر تک کا قابلِ واپسی ویزا بانڈ جمع کرانا ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد ویزا کی شرائط کی خلاف ورزی اور مقررہ مدت سے زائد قیام کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔
پاکستان اس فہرست میں شامل نہ ہونے کے باعث پاکستانی شہریوں کو ویزا درخواست دیتے وقت یہ مالی ضمانت جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ بدستور موجودہ طریقہ کار کے مطابق امریکی ویزا کے لیے درخواست دے سکیں گے۔ بھارت بھی اس پروگرام میں شامل ممالک کی فہرست کا حصہ نہیں ہے، جبکہ متعدد افریقی اور دیگر ممالک کو اس میں شامل کیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق ویزا بانڈ کی رقم درخواست گزار کی جانب سے ویزا کی تمام شرائط پر عمل درآمد اور مقررہ مدت کے اندر امریکہ سے روانگی کی صورت میں واپس کر دی جائے گی۔