باکو میں قومی لباس کے دن کی تقریب، پاکستان کے ثقافتی ورثے کی بھرپور پذیرائی

باکو: سفارتخانہ پاکستان، باکو نے “ایچری شہر” اسٹیٹ ہسٹوریکل آرکیٹیکچرل ریزرو ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام منعقدہ قومی لباس کے دن کی تقریب میں شرکت کی، جہاں پاکستان کے بھرپور اور متنوع ثقافتی ورثے اور روایتی ملبوسات کو نمایاں کیا گیا۔

تقریب میں پاکستان کے رنگا رنگ روایتی و علاقائی ملبوسات، ٹرک آرٹ، زیورات اور دستکاری کے نمونے پیش کیے گئے جنہیں شرکاء اور مہمانوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہوئی۔
چین، کوریا، عراق، تاجکستان، ملائیشیا، انڈونیشیا اور روس سمیت مختلف ممالک کے سفارتی مشنز نے بھی تقریب میں شرکت کی اور اپنے قومی رقص اور روایتی ملبوسات پیش کیے۔ مختلف ممالک کی ثقافتی پیشکشوں نے تقریب کو متنوع اور رنگا رنگ بنا دیا جبکہ ثقافتی تبادلے اور باہمی مفاہمت کی اہمیت بھی اجاگر ہوئی۔
تقریب میں آذربائیجان کے حکومتی حلقوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، فنون و ادب سے وابستہ نمائندگان اور سفارتی کور کے ارکان نے شرکت کی۔
سفارتخانہ پاکستان کی شرکت سے پاکستان اور برادر ملک آذربائیجان کے درمیان قریبی اور تاریخی ثقافتی روابط کو اجاگر کرنے میں مدد ملی۔