مرکزی مواد پر جائیں
⛅ اسلام آباد --°
LIVE --:--:--
بریکنگ نیوز
قومی

بہاولپور: این اے 168 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ کامیاب

بہاولپور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 168 بہاولپور-V کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ کامیاب ہوگئے۔

تمام 292 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ملک منیر اقبال چنڑ نے 79 ہزار 306 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ آزاد امیدوار ولی داد چیمہ 42 ہزار 623 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نے اپنے مدِمقابل امیدوار کو 36 ہزار 683 ووٹوں کے واضح فرق سے شکست دی۔

این اے 168 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی ملک محمد اقبال چنڑ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ مسلم لیگ (ن) نے ضمنی انتخاب میں ان کے صاحبزادے ملک منیر اقبال چنڑ کو امیدوار نامزد کیا تھا۔

ولی داد چیمہ سابق وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے صاحبزادے ہیں۔ ضمنی انتخاب سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے امیدوار کو دستبردار کرکے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا تھا، جبکہ پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔

حلقے میں 4 لاکھ 83 ہزار 143 ووٹرز رجسٹرڈ تھے اور پولنگ کے لیے 292 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔ پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو کر شام 5 بجے تک جاری رہی۔

الیکشن کے حتمی نتائج الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کیے جائیں گے۔

ٹیگز: • •
شیئر کریں: f 𝕏 ✆ ✈ 🔗
تحقیقاتی صحافی

hanif saabir

اپنی رائے دیں