جنوبی ایشیا میں پائیدار امن تنازعہ جموں و کشمیر کے پرامن حل سے جڑا ہے، صدر مملکت

جنوبی ایشیا میں پائیدار امن تنازعہ جموں و کشمیر کے پرامن حل سے جڑا ہے، صدر مملکت
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار اور منصفانہ امن کا قیام تنازعہ جموں و کشمیر کے پرامن حل سے جڑا ہوا ہے۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی بہادری، ثابت قدمی اور ناقابلِ تنسیخ حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو سات برس گزر چکے ہیں، تاہم یہ اقدامات نہ تو جموں و کشمیر کی قانونی حیثیت تبدیل کر سکے ہیں اور نہ ہی کشمیری عوام کے عزم کو متزلزل کر پائے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ گزشتہ سات برسوں کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام شدید پابندیوں، غیر یقینی صورتحال اور بنیادی حقوق کی مسلسل پامالی کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کے مواقع محدود کیے جا رہے ہیں اور پورا معاشرہ طویل تنازع اور عدم استحکام کے اثرات برداشت کر رہا ہے، لیکن ان تمام مشکلات کے باوجود کشمیری عوام اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کے جائز حق کے لیے ثابت قدم ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق مسئلہ جموں و کشمیر کے حل تک ہر بین الاقوامی فورم پر ان کی آواز بلند کرتا رہے گا۔
صدر مملکت نے بین الاقوامی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ، پر زور دیا کہ وہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا نوٹس لے اور اس دیرینہ تنازع کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کشمیری عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے، ان کی ثابت قدمی اور حوصلہ پوری پاکستانی قوم کے لیے باعثِ تحریک ہے، اور پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کے شانہ بشانہ رہے گا۔ صدر مملکت نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ کشمیری عوام کو صبر، استقامت اور انصاف و امن کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔