خام معدنیات کی بجائے ان کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی برآمد کو فروغ دیا جائے، میاں کاشف اشفاق

لاہور، 27 ستمبر: پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق، تمغہ امتیاز، نے کہا ہے کہ پاکستان کی اہم معدنیات کو خام حالت میں برآمد کرنے کے بجائے ویلیو ایڈیشن اور عالمی ماحولیاتی، سماجی و گورننس (ESG) معیار کے مطابق مصنوعات تیار کرکے برآمد کیا جائے۔ اتوار کو یہاں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معدنی وسائل کو پروسیس اور ریفائن کرکے ویلیو ایڈڈ مصنوعات میں تبدیل کرنے سے زرمبادلہ میں اضافہ، صنعتی تنوع اور پائیدار معاشی ترقی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے یکساں قومی معدنی پالیسی، شفاف قواعد و ضوابط، ٹیکنالوجی پر مبنی نگرانی اور عالمی شراکت داری ضروری ہے۔ غیر ملکی شراکت داری سے ذمہ دارانہ معدنی تلاش، پروسیسنگ اور ریفائننگ میں تکنیکی مہارت اور عالمی منڈیوں تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے تمام رکاوٹیں دور کرنا ہوں گی تاکہ پاکستان اپنی معدنی دولت سے بھرپور استفادہ کرسکے، جس کی مجموعی مالیت کا تخمینہ تقریباً 8 ٹریلین ڈالر لگایا جاتا ہے۔