مرکزی مواد پر جائیں
اسلام آباد --°
--:--:--
بریکنگ نیوز
ایکسکلوزژ

ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کی جنرل باڈی کا اجلاس، اہم عہدوں پر انتخابات مکمل

ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کی جنرل باڈی کا اجلاس، اہم عہدوں پر انتخابات مکمل (تصویر 1)

ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کی جنرل باڈی کا اجلاس، اہم عہدوں پر انتخابات مکمل

کراچی (نمائندہ خصوصی): ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی (RCAK) کی جنرل باڈی کا پہلا سالانہ اجلاس صدر ندیم عمر کی زیر صدارت آر سی اے سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا، جس میں اہم عہدوں کے انتخابات مکمل کر لیے گئے جبکہ نئے عہدیداروں اور ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کا متفقہ انتخاب عمل میں آیا۔

اجلاس میں سیکریٹری علی حسین، مختلف زونز کے صدور، سیکریٹریز، خازن اور جنرل باڈی کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، جس کے بعد ایجنڈے کے مطابق کارروائی کا آغاز کیا گیا۔

انتخابی عمل کے دوران جنید خلیل نینی تال والا کو سینئر نائب صدر، محمد توصیف صدیقی کو جوائنٹ سیکریٹری جبکہ محمد ماجد خان اور صائم احمد کو آئندہ تین سال کے لیے ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان منتخب کیا گیا۔

ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کی جنرل باڈی کا اجلاس، اہم عہدوں پر انتخابات مکمل (تصویر 2)

جنرل باڈی نے نجم الاسلام جعفری کو فنانس منیجر مقرر کرنے کی منظوری بھی دی، جبکہ مالی شفافیت اور احتساب کے فروغ کے لیے نامدار اینڈ کمپنی، چارٹرڈ اکاؤنٹنٹس کو ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کا ایکسٹرنل آڈیٹر مقرر کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

اس موقع پر صدر ندیم عمر نے نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کی مضبوطی، شفافیت اور اتحاد ہی کراچی کرکٹ کی ترقی کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن کی اولین ترجیح کلب کرکٹ کا فروغ، نوجوان ٹیلنٹ کو بہتر مواقع فراہم کرنا اور میرٹ، شفافیت و پیشہ ورانہ اصولوں پر مبنی مضبوط نظام قائم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی تمام زونز، کلبز اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے شہر میں کرکٹ کے معیار کو مزید بہتر بنانے اور نوجوان کھلاڑیوں کے لیے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی۔

سیکریٹری علی حسین نے کہا کہ صدر ندیم عمر کی قیادت میں گزشتہ تین برسوں کے دوران کراچی کرکٹ کی ترقی اور استحکام کے لیے نمایاں اقدامات کیے گئے۔ ان کے مطابق کراچی کرکٹ کے حقوق کے لیے مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں کراچی کی ٹیم کی قائداعظم ٹرافی میں شمولیت ممکن ہوئی، جو شہر کی کرکٹ کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے۔

اجلاس کے اختتام پر نومنتخب عہدیداروں نے جنرل باڈی کے اعتماد پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کراچی کرکٹ کی ترقی، کلب کرکٹ کے فروغ، شفاف طرز حکمرانی اور ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کراچی کے وقار میں اضافے کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر خالد نفیس، سید محمد احمد، محمد عمران خان، ایس ایم عاصم، ریحان صدیقی، اعجاز پچی، ایس اے فہیم، جاوید اقبال اور اعظم خان نے بھی نومنتخب عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی۔

شیئر کریں: f 𝕏 🔗
تحقیقاتی صحافی

Editor

اپنی رائے دیں