صدر اور وزیراعظم کی کبل خودکش دھماکے کی شدید مذمت

صدر اور وزیراعظم کی کبل خودکش دھماکے کی شدید مذمت
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی): صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سوات کے علاقے کبل میں ہونے والے خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ایوان صدر اور وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری الگ الگ بیانات کے مطابق صدر مملکت اور وزیراعظم نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی، لواحقین کے لیے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گرد امن، قومی یکجہتی اور ریاستی رٹ کو نقصان پہنچانے کی اپنی مذموم کوششوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے خیبر پختونخوا پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو پوری قوم کے لیے باعث فخر قرار دیتے ہوئے واقعے کی جامع تحقیقات اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے پر زور دیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک حکومت اور سکیورٹی اداروں کی جدوجہد پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا۔