صدر زرداری کی سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی پاک سعودی تعلقات کے فروغ میں خدمات کی تعریف

صدر زرداری کی سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی پاک سعودی تعلقات کے فروغ میں خدمات کی تعریف
اسلام آباد، 23 اگست 2026 — صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور تزویراتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے خدمات کو سراہا ہے۔
صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ایوان صدر میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے الوداعی ملاقات کے دوران کیا۔
صدر زرداری نے اپنے دور سفارت کے دوران سعودی سفیر کی جانب سے پاکستان کے لیے انجام دی گئی خدمات، دوستی، گرمجوشی اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سفیر نواف نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ، بالخصوص سیاسی، اقتصادی اور تجارتی شعبوں میں اہم کردار ادا کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی دیرینہ دوستی اور تزویراتی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور مملکت کی جانب سے پاکستان کے لیے مسلسل حمایت کو سراہتا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سفیر نواف کے دور میں قائم ہونے والی مضبوط بنیاد آنے والے برسوں میں بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی رہنمائی کرتی رہے گی۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، جو 2017 سے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں، نے اپنے قیام کے دوران حکومت اور عوام پاکستان کی جانب سے ملنے والی گرمجوشی اور تعاون پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان اور اس کے عوام کو ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے رہیں گے۔
صدر زرداری نے سعودی سفیر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے مستقبل کے لیے کامیابی اور بہترین تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ ان کا دوسرا گھر رہے گا۔
ملاقات میں سینیٹر شیری رحمان بھی موجود تھیں۔