عالمی ’پیٹرو جنگ‘ پاکستان کے توانائی تحفظ کیلئے بڑا چیلنج ہے، افتخار علی ملک

لاہور، 27 ستمبر: سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ عالمی توانائی منڈیوں میں تیزی سے بدلتی صورتحال اور بڑھتی مسابقت پاکستان سمیت ترقی پذیر ممالک کیلئے سنگین چیلنجز پیدا کرسکتی ہے، خصوصاً ان ممالک کیلئے جو درآمدی ایندھن پر زیادہ انحصار کرتے ہیں۔ اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ ہمسایہ اور علاقائی ممالک کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے کے ساتھ متبادل توانائی اور تجارتی انتظامات تلاش کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شمسی اور ہوا سے بجلی کے منصوبوں میں تیزی، توانائی کی بچت اور ملکی تیل و گیس کے وسائل کی تلاش پر توجہ دینا ضروری ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ عالمی تیل قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے نقل و حمل، بجلی اور صنعتی پیداوار کے اخراجات بڑھنے کے ساتھ مہنگائی اور ادائیگیوں کے توازن پر بھی دباؤ بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو صنعت اور برآمد کنندگان کیلئے ہدفی ریلیف، مؤثر لاجسٹکس اور توانائی کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنانا چاہیے تاکہ پاکستان کی عالمی مسابقت متاثر نہ ہو۔ ان کے مطابق خطے میں ابھرتی ہوئی ’پیٹرو وار‘ توانائی سلامتی، تجارت اور اقتصادی استحکام کیلئے نئے چیلنجز پیدا کرسکتی ہے۔