وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا یومِ استحصال کشمیر پر کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ

وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا یومِ استحصال کشمیر پر کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 5 اگست کا دن بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت یکطرفہ طور پر تبدیل کرنے کی ناکام کوشش کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جبر، فوجی محاصرے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری عوام کے جذبۂ حریت کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ کشمیری عوام کا حقِ خودارادیت ہر صورت تسلیم کیا جانا چاہیے اور مسئلہ جموں و کشمیر کا واحد پائیدار حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق آزادانہ اور منصفانہ استصوابِ رائے ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو انصاف کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو ہر اہم بین الاقوامی فورم پر مؤثر انداز میں اجاگر کر رہی ہے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کشمیر کاز پر اپنے اصولی مؤقف پر ثابت قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت مسئلہ کشمیر پر مکمل یکجہتی رکھتی ہے، بھارت کو زمینی حقائق تسلیم کرتے ہوئے کشمیری عوام کی امنگوں کا احترام کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان انصاف پر مبنی اور پائیدار امن کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔