ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کو ’امریکی علاقہ‘ قرار دے دیا

ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کو ’امریکی علاقہ‘ قرار دے دیا
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کو ’’امریکی علاقہ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اس اہم آبی گزرگاہ کو کنٹرول کر رہا ہے۔
گارڈین کی رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے جنوبی کیرولائنا میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے آبنائے ہرمز پر ناکہ بندی کر رکھی ہے اور کوئی بھی بحری جہاز اس وقت تک وہاں سے نہیں گزر سکتا جب تک امریکا اجازت نہ دے۔
امریکی صدر نے کہا کہ انہیں ابھی یہ بھی معلوم نہیں کہ ایران کے خلاف جنگ جیتی ہے یا نہیں، تاہم وہ اس وقت آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ سمجھتے ہیں۔
ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے بھی آبنائے ہرمز کو امریکی علاقہ قرار دینے کی دھمکی دی تھی۔ انہوں نے اس سے قبل سوشل میڈیا پر ایک نقشہ بھی شیئر کیا تھا جس میں آبنائے ہرمز کو ’’نیا امریکی علاقہ‘‘ قرار دیا گیا تھا۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے ٹرمپ کے اس دعوے کو مسترد کرتے ہوئے اسے ’’وہم‘‘ قرار دیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی کے دوران اب تک 68 تجارتی بحری جہازوں کا رخ تبدیل کرایا جا چکا ہے۔
آبنائے ہرمز ایران اور عمان کے درمیان واقع ہے اور دنیا کی سمندری راستے سے ہونے والی تیل کی ترسیل کا تقریباً پانچواں حصہ اسی گزرگاہ سے ہوتا ہے۔