پاکستان، ایران کے درمیان تجارت اور مشترکہ سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

پاکستان، ایران کے درمیان تجارت اور مشترکہ سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد، 5 اگست: وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ نے اعلیٰ سطحی ایرانی کاروباری وفد سے ملاقات میں پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تجارت، مشترکہ سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایرانی سفارتخانے کے حکام کے ہمراہ آنے والے وفد میں ٹریڈ فیسلی ٹیشن اینڈ ڈویلپمنٹ کے چیئرمین محمد رضا چفراللہی، شاہروز شریعت اور کرمان و تہران چیمبرز آف کامرس کے نمائندے شامل تھے، جبکہ بورڈ آف انویسٹمنٹ کے سینئر حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور مذہبی تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں اور پاکستان کی 25 کروڑ سے زائد آبادی سرمایہ کاری اور تجارت کے لیے ایک بڑی منڈی فراہم کرتی ہے۔
ایرانی وفد نے صوبہ کرمان کی صنعتی و تجارتی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ وہاں چار اقتصادی زونز قائم ہیں اور کرمان معدنیات، زرعی پیداوار، پستہ اور کھجور کی پیداوار کے حوالے سے عالمی شہرت رکھتا ہے۔
ملاقات میں کراچی، رمدان، بم اور ممکنہ طور پر چاہ بہار تک تجارتی راہداری قائم کرنے کی تجویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ مشترکہ سرمایہ کاری کے ذریعے اس منصوبے کو آگے بڑھانے پر اتفاق رائے ظاہر کیا گیا۔
وفد نے بتایا کہ ایران کو سالانہ تقریباً 30 لاکھ ٹن چاول کی ضرورت ہوتی ہے، جس میں سے 10 لاکھ ٹن درآمد کیا جاتا ہے، جبکہ پاکستان کا حصہ بڑھ کر تقریباً 40 فیصد ہو چکا ہے اور اس میں مزید اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
قیصر احمد شیخ نے چاول کی پراسیسنگ، پیٹروکیمیکل، اسٹیل، انجینئرنگ سروسز اور آٹو پارٹس سمیت مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے موجودہ بینکاری پابندیوں کے پیش نظر بارٹر تجارت کو فروغ دینے کی تجویز بھی پیش کی تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں میں مزید وسعت لائی جا سکے۔
ملاقات میں انجینئرنگ، ٹیسٹنگ، انسپکشن اور سرٹیفیکیشن کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ایرانی وفد نے حکومت پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر کو ایران کے دورے کی دعوت دی، جسے انہوں نے خوش آئند قرار دیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے، مشترکہ منصوبوں کے فروغ اور پاکستان و ایران کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔