پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کے لیے دبئی روانہ،ایونٹ 28 اگست سے 13 ستمبر تک ہو گا

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کے لیے دبئی روانہ،ایونٹ 28 اگست سے 13 ستمبر تک ہو گا
لاہور: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کے لیے دبئی روانہ ہوگئی، جہاں ایشین کرکٹ کونسل کا ویمنز ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک جاری رہے گا۔
ایونٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور تمام میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ چین کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، انڈونیشیا، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔
فاطمہ ثنا کی قیادت میں قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف میچ سے کرے گی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان اہم مقابلہ 5 ستمبر کو ہوگا، جبکہ قومی ٹیم گروپ مرحلے کا آخری میچ 7 ستمبر کو ہانگ کانگ چین کے خلاف کھیلے گی۔ گروپ مرحلے کے تمام میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7:30 بجے شروع ہوں گے۔
ایشیا کپ کے سیمی فائنلز 10 اور 11 ستمبر جبکہ فائنل 13 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ سری لنکا ایونٹ کی دفاعی چیمپئن ہے، جس نے 2024 میں پہلی مرتبہ ویمنز ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔
پاکستانی ٹیم نے ایشیا کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں لاہور کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں 16 سے 25 اگست تک تربیتی کیمپ میں حصہ لیا۔ اس دوران کھلاڑیوں نے مردوں کی ٹیم کے خلاف ٹی ٹوئنٹی طرز کے پریکٹس میچز بھی کھیلے تاکہ دباؤ میں کارکردگی اور فیصلہ سازی کو بہتر بنایا جاسکے۔
پاکستان کے اسکواڈ میں کپتان فاطمہ ثنا کے علاوہ عائشہ ظفر، ایمان نصیر، ایمن فاطمہ، گل فیروزہ، مومنہ ریاضت، منیبہ علی صدیقی، نصرہ سندھو، سعدیہ اقبال، سائرہ جبین، شوال ذوالفقار، طوبیٰ حسن، امِ ہانی، وحیدہ اختر اور صدف شمس شامل ہیں۔
وکٹ کیپر بیٹر ناجیہ علوی گھٹنے کی انجری کے باعث ایونٹ سے باہر ہوگئی ہیں، ان کی جگہ صدف شمس کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق ناجیہ علوی کی بحالی میں تقریباً 4 ہفتے لگنے کی توقع ہے۔
قومی ٹیم ایشیا کپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ بھارت کے خلاف 5 ستمبر کو ہونے والا میچ گروپ مرحلے میں پاکستان کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل ہوگا۔