پڑوسی ممالک سے خطے کے نئے سیکیورٹی و اقتصادی تعاون کی تشکیل بارے پیغامات موصول ہوئے ہیں، ایرانی سپیکر قالیباف

پڑوسی ممالک سے خطے کے نئے سیکیورٹی و اقتصادی تعاون کی تشکیل بارے پیغامات موصول ہوئے ہیں، ایرانی سپیکر قالیباف
تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کو پڑوسی ممالک کی جانب سے خطے کے نئے سیکیورٹی انتظامات اور اقتصادی تعاون کی تشکیل سے متعلق متعدد پیغامات موصول ہوئے ہیں۔
تہران سے جاری بیان میں باقر قالیباف نے کہا کہ موصول ہونے والے پیغامات میں خطے میں نئے سیکیورٹی نظام کے قیام اور اقتصادی تعاون کے نئے طریقہ کار تشکیل دینے پر بات کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی دھونس اور دباؤ کی پالیسی نے اس کے اتحادی ممالک کی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال دیا ہے۔ امریکا نے صرف اسرائیل کی خاطر اپنے اتحادیوں کے مفادات کو نظر انداز کیا، جس کے باعث اتحادی ممالک کو اپنی بقا خطرے میں محسوس ہونے لگی ہے۔
ایرانی اسپیکر نے کہا کہ خطے کے ممالک کو اپنی سلامتی اور مستقبل کے لیے بیرونی طاقتوں پر انحصار کے بجائے باہمی تعاون اور مشترکہ علاقائی نظام تشکیل دینا چاہیے۔
باقر قالیباف کا کہنا تھا کہ خطے میں آزادانہ طور پر تشکیل پانے والا نظام ہی حقیقی اور پائیدار امن فراہم کرسکتا ہے، جبکہ علاقائی ممالک کے درمیان سیکیورٹی، سیاسی اور اقتصادی تعاون میں اضافہ خطے کے استحکام میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔